چیمپئنز لیگ میں میسی کے اکہتر گول، عالمی ریکارڈ برابر
6 نومبر 2014ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی لیونل میسی نے چیمپئنز لیگ میں 71 گول کرنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ میسی یورپی مالک اسپین کے معروف کلب بارسلونا سے کھیلتے ہیں۔ ہالینڈ کے فٹ بال کلب اژاکس سے میچ شروع ہونے سے قبل ایک نیا ریکارڈ بنانے کے لیے انہیں تین گول کی ضرورت تھی لیکن وہ دو گول کر سکے اور اِس طرح انہوں نے ہسپانوی فٹ بالر راؤل بلانکو کے 71 گول کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ بدھ کے روز میسی نے میچ کے دونوں حصوں میں ایک ایک گول کیا۔ اِس دوران میسی نے ریال میڈرڈ کے پرتگالی فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو کے 70 گول کرنے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
چیمپیئنز لیگ میں جرمنی کے ریکارڈ ساز کلب بائرن میونخ نے اطالوی کلب اے ایس روما کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ بائرن اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن ہے اور اُس کے پوائنٹس کی تعداد بارہ ہے۔ بائرن کی طرف سے گول گوئٹسے اور فرانک ریبری نے کیے۔ ریبری نے پہلا ہاف ختم ہونے سے سات منٹ قبل گول کیا اور دوسرے ہاف کے وسط میں گوئٹسے نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کر دیا۔ جرمن کلب نے چار میچ کھیلے اور چاروں جیتے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ جرمن کلب ابھی تک چیمپئنز لیگ، بنڈس لیگا اور جرمن کپ میں کوئی میچ نہیں ہارا ہے۔
پرتگال کا معروف کلب پورٹو بھی بدھ کے روز چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ گزشتہ شام پورٹو ہسپانوی علاقے باسک کے فٹ بال کلب ایتھلیٹک بلباؤ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرانے میں کامیاب رہا۔ گروپ ایچ میں پورٹو کلب ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اُس کے پوائنٹس کی تعداد دس ہے۔ بلباؤ سب سے نچلی پوزیشن پر ہے اور اُس کا اگلے راؤنڈ تک رسائی کا کوئی امکان موجود نہیں رہا۔
گروپ ایف میں فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرماں نے بھی پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فرانسیسی کلب نے قبرص کے دارالحکومت نکوسیا سے تعلق رکھنے والے APOEL کلب کو ایک گول سے ہرایا۔ نکوسیا کا کلب کوئی گول نہیں کر سکا۔ گروپ ایف میں پیرس سینٹ جرماں کو چار میچ کھیل کر دس پوائنٹس حاصل ہیں۔ بدھ کو گروپ ایف کی ٹیم بارسلونا نے ولندیزی شہر ایمسٹرڈیم کے فٹ بال کلب اژاکس کو ہرایا۔ اسی میچ میں لیونل میسی نے دو گول کیے۔
چیمپئنز لیگ کے گروپ راؤنڈ میں گروپ جی کی صورت حال قطعاً واضح نہیں۔ ابھی تک کوئی ٹیم پری کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی کی پوزیشن میں نہیں اور اِس گروپ کی صورت حال اگلے دو راؤنڈز کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ کل گروپ کی ٹاپ ٹیم چیلسی نے اپنا میچ ایک ایک گول سے برابر کھیلا۔ انگلش کلب چیلسی اگر ماریبور کلب کے خلاف میچ جیت جاتی تو پری کوارٹر مرحلے میں داخل ہو سکتی تھی۔ بدھ کے روز جرمن کلب شالکے اپنا میچ ہار گئی۔ شالکے کو لزبن کے کلب کا سامنا تھا۔ پہلے راؤنڈ میں یہ میچ شالکے نے جیتا تھا لیکن کل وہ میچ ضرور ہاری لیکن گروپ کے ٹیبل پر اُس کی دوسری پوزیشن ہے۔