1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: ڈورٹمنڈ اور ریال میڈرڈ کی کامیابیاں

عابد حسین5 نومبر 2014

یورپی فٹ بال کلبوں کے اہم ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سلسلے میں منگل کو کھیلے جانے والے میچوں میں ڈورٹمنڈ نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ریال میڈرڈ بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Dgro
تصویر: picture-alliance/dpa/Bernd Thissen

جرمن کلب ڈورٹمنڈ کا میچ ترک شہر استنبول کے فٹ بال کلب گالاتاسرائے کے ساتھ جرمن کلب کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ اس میچ میں گالاتاسرائے کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہارنا پڑا۔ بائیس اکتوبر کواستنبول میں کھیلے گئے میچ میں ڈورٹمنڈ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل ہوئی تھی۔

گروپ ڈی میں گالاتاسرائے اِس وقت سب سے نچلی پوزیشن پر ہے۔ جرمن کلب نے اب تک کھیلے گئے تمام میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اُس کے بارہ پوائنٹس ہیں۔ اسی گروپ سے انگلش کلب آرسنل کو بھی اگلے مرحلے کے لیے رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

Bildergalerie Berühmte Männer in Europa mit arabischem Hintergrund
ریال میڈرڈ کے کریم بینزیماتصویر: picture-alliance/dpa/Juanjo Martin

منگل ہی کے روز ایک اور جرمن کلب بائر لیورکوزن نے زینت سینٹ پیٹرزبرگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اس طرح گروپ سی میں لیورکوزن کو پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ یہ میچ روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں کھیلا گیا تھا۔ ابھی لیورکوزن کو دو مزید میچ کھیلنا ہیں اور ایک میچ میں کامیابی سے وہ بھی پری کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔ گروپ سی میں کل موناکو اور بونفیکا لزبن کے میچ میں موناکو کو ایک گول سے کامیابی حاصل ہوئی۔ اِس گروپ کے اگلے دو راؤنڈز فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔

چیمپئنز لیگ کے گروپ بی میں سے ریال میڈرڈ نے بھی اب تک کھیلے گئے تمام چار میچوں کو جبت کر پری کواٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر انگلش فٹ بال کلب لیورپول کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔

گروپ بی میں ریال میڈرڈ نے بارہ پوائنٹس حاصل کر کے ٹاپ پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ گروپ بی کے ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ کے کلب بازل نے بلغاریہ کے فٹ بال کلب لُوڈوگریز راس گراڈ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ یہ میچ بازل شہر کے سینٹ جیکب پارک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ بازل کی ٹیم نے کامیابی ضرور حاصل کی ہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکے گی یا نہیں۔

یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ترین ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے بھی دو میچ منگل کو کھیلے گئے۔ ان میں سے ایک اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ سے تعلق رکھنے والی ایٹلِٹکو میڈرڈ اور سویڈن کے مالمو کلب کے درمیان تھا۔ اِس میچ میں سویڈن کی ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا رہا۔

ہسپانوی کلب نے مولمو کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اٹلی کے شہر تورین کے ژُووینٹس فٹ بال کلب نے یونان کی ٹیم اولمپیکوس کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ گروپ اے میں ایٹلِٹکو اور اولمپیکوس کے پاس پہلی اور دوسری پوزیشنیں ہیں لیکن اگلے دو راؤنڈز کے بعد ہی صورت حال صاف ہو گی کہ اگلے مرحلے میں داخل ہونے والی دو ٹیمیں کونسی ہوں گی۔