1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں میں جرمن اور ہسپانوی کلب مد مقابل

13 اپریل 2013

یورپی کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے دو سیمی فائنل میچوں کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سیمی فائنل مرحلے کا پہلا راؤنڈ 23 اور 24 اپریل کو جرمن کلبوں کے ہوم گراؤنڈز میں کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/18FDC
تصویر: AFP/Getty Images

چیمپئنز لیگ کے نگران ادارے UEFA کے مطابق ہسپانوی کلب بارسلونا کو بائرن میونخ کا سامنا کرنا ہو گا اور ڈورٹمنڈ کے مد مقابل ریال میڈرڈ ہو گا۔ چیمپئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل، کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل مرحلے کے تمام میچ دو دو مرتبہ کھیلے جاتے ہیں۔ اس اصول کے تحت یورپی کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے کا پہلا راؤنڈ جرمن کلبوں کے ہوم گراؤنڈز پر کھیلا جا رہا ہے۔ اس طرح سیمی فائنل مرحلے میں کُل چار میچ کھیلے جائیں گے۔

UEFA Champions League Auslosung Halbfinale Saison 2012/2013
سیمی فائنل مرحلے کا پہلا راؤنڈ 23 اور 24 اپریل کو جرمن کلبوں کے ہوم گراؤنڈز میں کھیلا جائے گاتصویر: Getty Images

پہلے مرحلے کے دو سیمی فائنل رواں مہینے کے آخری ہفتے میں رکھے گئے ہیں۔ پہلا سیمی فائنل میچ 23 اپریل کو بائرن میونخ کے ہوم گراؤنڈ میونخ شہر میں کھیلا جائے گا۔ میونخ کے بڑے اسٹیڈیم میں جرمن قومی فٹ بال لیگ کی چیمپئن ٹیم کا سامنا معتبر ہسپانوی کلب بارسلونا سے ہو گا۔ بارسلونا فٹ بال کلب کے ڈائریکٹر اماڈور ورناوے اُو (Amador Bernabeu) کے مطابق یہ میچ بارسلونا اور میونخ کے لیے مشکل ضرور ہے لیکن چیمپئنز لیگ کا امکاناً سب سے بہترین میچ ہے۔ دوسرا سیمی فائنل میچ چوبیس اپریل کو ڈورٹمنڈ اپنے ہوم گراؤنڈ میں ریال میڈرڈ کے خلاف کھیلے گا۔ ریال میڈرڈ فٹ بال کلب کی ٹیم گزشتہ سال اکتوبر میں اسی میدان میں ڈروٹمنڈ سے ہار گئی تھی۔

سیمی فائنل مرحلے کے جوابی راؤنڈ ایک ہفتے کے بعد اسپین میں کھیلے جائیں گے۔ تیس اپریل کو ڈورٹمنڈ اور ریال میڈرڈ کا میچ ہسپانوی شہر میڈرڈ کے بڑے اسٹیڈیم سنتیاگو ورناوے اُو اسٹیڈیم (Santiago Bernabéu Stadium) میں کھیلا جائے گا۔ پہلی مئی کو بائرن میونخ اور بارسلونا کی ٹیمیں سیمی فائنل دوسرے راؤنڈ کا میچ ہسپانوی شہر بارسلونا کے وسیع و عریض کم نَو (Camp Nou) اسٹیڈیم میں کھیلیں گی۔

UEFA Champions League Auslosung Halbfinale Saison 2012/2013
سیمی فائنل مرحلے کے جوابی راؤنڈ ایک ہفتے کے بعد اسپین میں کھیلے جائیں گےتصویر: Getty Images

یورپ کے اہم فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کا اسٹیج تو گزشتہ ہفتے کے دوران سج گیا تھا۔ پچھلے منگل اور بدھ کوکھیلے گئے چار کوارٹر فائنل میچوں کے دوسرے مرحلے کا اختتام ہو گیا تھا۔ ان میں منگل کے روز ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ اور جرمن کلب ڈورٹمنڈ نے کوالیفائی کیا تھا جبکہ بدھ کی شام بقیہ دو کوارٹر فائنل کھیلے گئے اور ان میں جرمن اور ہسپانوی کلبوں بائرن میونخ اور بارسلونا نے اپنے اپنے میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ 25 مئی کے روز لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ اسٹیڈیم ایک طرح سے انگلینڈ کا قومی اسٹیڈیم کہلاتا ہے اور یہی انگلستانی فٹ بال ٹیم کا ہوم گراؤنڈ بھی ہے۔ اس اسٹیڈیم میں گزشتہ تین سالوں کے دوران چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ دوسری مرتبہ کھیلا جا رہا ہے۔ سن 2011 میں بھی چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ کا میزبان یہی اسٹیڈیم تھا۔ تین سالوں میں دوسری مرتبہ چیمپئيز لیگ کے فائنل میچ کی میزبانی کی وجہ برطانوی فٹ بال ایسوسی ایشن کے قیام کے ڈیڑھ سو برس مکمل ہونے کے موقع پر کی جانے والی تقریبات کا حصہ ہے۔ ویمبلی اسٹیڈیم میں 90 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

(ah/as (AP