1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: بائرن میونخ نے مانچسٹر سٹی کو ہرا دیا

28 ستمبر 2011

فٹ بال کی یورپی چیمپیئنز لیگ کے ایک مقابلے میں جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ نے برطانوی کلب مانچسٹر سٹی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ دوسری جانب سٹی کے کوچ نے کلب کے کھلاڑی ٹیویز پر کڑی تنقید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/12i8F
تصویر: dapd

یورپی فٹ بال کلبوں کے چیمپیئنز لیگ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جرمن شہر میونخ میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کی جانب سے دونوں گول ماریو گومیز نے کیے۔ انہوں نے پہلا گول میچ کے اڑتیسویں جبکہ دوسرا پینتالیسویں منٹ میں کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

اس فتح کے بعد بائرن میونخ گروپ اے میں نہایت اچھی پوزیشن میں آ چکا ہے۔ دو میچوں میں فتح کے بعد بائرن میونخ کے پوائنٹس چھ ہو گئے ہیں۔ گروپ اے میں ناپولی کے چار پوائنٹس جبکہ سٹی کا ایک ہے۔

WM Südafrika 2010 Deutschland vs Argentinien Flash-Galerie
مانچسٹر سٹی میں ارجنٹائن کے فٹ بال اسٹار ٹیویز کا مستقبل خطرے میں ہےتصویر: AP

بائرن میونخ کے کوچ اس فتح کے بعد خاصے پر عزم ہیں۔ ان کی ٹیم نہ صرف یہ کہ چیمپیئنز لیگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے بلکہ جرمن فٹ بال لیگ، بنڈس لیگا میں بھی وہ سر فہرست ہے۔ بائرن میونخ کے ساتھ کھیلے گئے گزشتہ دس میچوں میں کوئی بھی ٹیم اس ٹیم کے خلاف گول نہیں کر سکی ہے۔

دوسری جانب مانچسٹر سٹی کے کوچ مینسینی کا کہنا ہے کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر ارجنٹائن کے نامور کھلاڑی ٹیویز کا کلب میں کیریئر ان کے نزدیک ’ختم ہو گیا ہے‘۔ ان کا کہنا ہے کہ میچ کے دوسرے حصے میں انہوں نے ٹیویز کو بطور متبادل جب میدان میں اترنے کے لیے کہا تو انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ ٹیویز پچھلے میچ میں بھی متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ تھے اور ان کو میچ میں نہیں اتارا گیا تھا۔ ٹیویز مانچسٹر سٹی کو خیرباد کہنے کی پہلے ہی کوششیں کر چکے ہیں، تاہم کسی اور کلب میں اب تک ان کا تبادلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔ سٹی کے کوچ کا کہنا تھا کہ وہ ٹیویز کے رویے کے بارے میں کلب کے چیئرمین کو رپورٹ کریں گے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں