چیمپیئنز لیگ: چیلسی اور میڈرڈ کوارٹر فائنل میں
15 مارچ 2012برطانوی کلب چیلسی برطانیہ کی واحد کلب ٹیم ہے جو کوارٹر فائنل تک پہنچی ہے۔ اس سے قبل مانچیسٹر یونائیٹڈ اور آرسینل جیسے مشہور برطانوی کلب گروپ راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ گو کہ چیلسی پری کوارٹر فائنل کی پہلی لیگ میں ناپولی سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کھا چکا تھا، بدھ کو کھیلے گئے میچ کے دوسرے حصے میں چیلسی نے چار ایک سے شکست دی۔ دونوں لیگ کی اوسط پانچ چار بنی۔
دوسری جانب ہسپانوی ٹیم ریئل میڈرڈ نے ماسکو کو چار ایک سے شکست دی۔ دونوں لیگز کا مجموعی نتیجہ میڈرڈ کے حق میں پانچ دو رہا۔
ایک طرف تو میڈرڈ کا میچ خاصا یک طرفہ رہا اور اس نے ماسکو کو آسانی سے شکست دے دی، تو دوسری طرف چیلسی اور ناپولی کا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا اور یہ میچ اضافی وقت تک کھیلا گیا۔
میڈرڈ کی جانب سے رونالڈو نے دو گول اسکور کیے۔ اس سیزن میں مجموعی طور پر رونالڈو نے چالیس گول کیے ہیں۔ وہ ہسپانوی لیگ لا لیگا میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میڈرڈ کے کوچ مورینہو نے کہا کہ رونالڈو نے جتنی زیادہ تعداد میں پچھلے سیزن میں گول کیے تھے اس کے بعد یہ محسوس ہوتا تھا کہ کیا وہ اس سے زیادہ گول کر پائیں گے، تاہم رونالڈواس سیزن میں بھی غیر معمولی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
اس سے قبل چیمیئنز لیگ میں بائرن میونخ، مارسے، اے سی میلان، بینیفکا لزبن، اپوئل اور دفاعی چیمپیئن ایف سی بارسلونا کوارٹر فائنل میں پیش قدمی کر چکے ہیں۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عدنان اسحاق