1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 28 ہلاک

Ali Amjad11 جولائی 2013

چین میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 66 لاپتہ ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں زمینی تودے گرنے سے ہوئی ہیں جس سے درجنوں دیہات باقی دنیا سے کٹ کر رہ گئے۔

https://p.dw.com/p/196IP
تصویر: Reuters

چین میں طوفانی بارشوں کا آغاز اتوار سات جولائی سے ہوا۔ چین کی شہری معاملات سے متعلق وزارت کے مطابق اب تک اس سے 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں قریب نصف یعنی 14لاکھ صوبہ سیچووان سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں 62 افراد لاپتہ بھی ہیں۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی سنہوا کی طرف سے جمعرات 11 جولائی کو بتایا گیا کہ صوبہ سیچووان کے علاقے ژونگ شِنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے سبب متعدد گھر تودوں تلے دب گئے، جس سے کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے۔

سیچووان کی صوبائی حکومت کے مطابق 12 دیگر افراد بدھ کے روز میانیانگ نامی گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ منگل کے روز جیانگ یوئے نامی شہر میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ایک پُل گرنے کے بعد 12 افراد اور چھ گاڑیوں کا کوئی نشان نہیں مل رہا۔ اس صوبے میں ایسے تین واقعات ہوئے ہیں۔

لینڈ سلائیڈنگ کے ایک اور واقعے کے بعد قریب 2000 لوگ ایک سرنگ میں پھنس کر رہ گئے، جنہیں امدادی کارکنوں نے نکالا
لینڈ سلائیڈنگ کے ایک اور واقعے کے بعد قریب 2000 لوگ ایک سرنگ میں پھنس کر رہ گئے، جنہیں امدادی کارکنوں نے نکالاتصویر: Reuters

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دیگر ہلاکتیں ملک کے دیگر علاقوں میں ہوئیں۔ ان میں دارالحکومت بیجنگ اور وسطی صوبے ہینان سے لے کر مغربی صوبہ شِنجیانگ تک کا علاقہ شامل ہیں۔

صوبے سیچووان میں بدھ 10 جولائی کو ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے ایک اور واقعے کے بعد قریب 2000 لوگ ایک سرنگ میں پھنس کر رہ گئے، جنہیں امدادی کارکنوں نے نکالا۔

اے ایف پی نے چینی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سیچووان میں ایک لاکھ دس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ صوبائی حکومت کی طرف سے ایک ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان بارشوں کے باعث کتنا نقصان ہوا ہے۔