1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین: مسجد کے انہدام کے خلاف مزاحمت، سکیورٹی اہلکار تعینات

30 مئی 2023

چین میں ایک مسجد کو جزوی طور پر مسمار کرنے کی منصوبہ بندی پرجھڑپوں کے بعد مسلمانوں کی اکثریت والے جنوب مغربی قصبے میں سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا جبکہ متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Rxff
China | Muslime | Id Kah Moschee
تصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/File

 

خبر رساں ایجنسی اے ایف کو عینی شاہدین سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق چینی حکام  نے ایک مسجد کو جزوی طور پر مسمار کرنے کی متنازعہ منصوبہ بندی پر عمل درآمد کی کوشش کی مزاحمت کے نتیجے میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد  مسلمانوں کی اکثریت والے جنوب مغربی قصبے میں بھاری تعداد میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں بہت سے افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ اس علاقے میں چینی فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

 ایک مقامی رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پیر کو بتایا کہ صوبہ یونان کے شہر ناگو میں حال ہی میں چار میناروں اور ناجیائینگ مسجد کے گنبد کی چھت کو گرانے کے منصوبے کو آگے بڑھانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

 یہ علاقہ  چین کے ایک مسلم نسلی گروپ '' ھوئی‘‘ کا  ایک بڑا گڑھ مانا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ مسلم نسلی گروہ وسیع کریک ڈاؤن کی وجہ سے دباؤ میں آ گیا ہے۔

 

China Uiguren in der Provinz Xinjiang
چینی حکام نے مساجد سمیت متعدد عمارتوں کو منہدم کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہےتصویر: AFP/G. Baker

چینی صوبے یونان کے شہر ناگو کی انتظامیہ نے حال ہی میں چار میناروں اور ناجیائینگ مسجد کے گنبد کی چھت کو گرانے کے منصوبے کو آگے بڑھایا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق 2020 ء میں بیجنگ حکومت کی طرف چند مقامات کو مسمار کرنے کی فہرست میں ناجیائینگ مسجد کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ حکام نے اس علاقے کی مسلم آبادی پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ یہ مسجد ایک ایسی اراضی پر تعمیر کی گئی ہے جس پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کے روز، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں درجنوں سکیورٹی اہلکاروں اور مسلمانوں کے ایک ہجوم کے ساتھ مسجد کے باہر تصادم اور ایک دوسرے پر مختلف اشیاء  پھینکنے اور حملہ کرنے کے مناظر دیکھے گئے۔

بیلجیئم: اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرتی مسلم یوٹیوب اسٹار

ایک مقامی رہائشی خاتون نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، ''وہ زبردستی مسماری کے منصوبے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، اس لیے یہاں کے مقامی لوگ انہیں روکنے کے لیے گئے تھے۔‘‘ اس خاتون کا مزید کہنا تھا، ''مسجد ہم جیسے مسلمانوں کا گھر ہے۔ اگر وہ اسے گرانے کی کوشش کرتے ہیں تو ہم یقینی طور پر انہیں اندر نہیں جانے دیں گے۔ عمارتیں صرف عمارتیں ہوتی ہیں، ان سے لوگوں یا معاشرے کو کوئی نقصان، نہیں پہنچتا۔ انہیں تباہ کرنے کی کیا ضرورت ہے؟‘‘

China Uiguren in der Provinz Xinjiang
چینی صوبے سنکیانگ میں مسلم اقلیتی گروپ ’’ایغور‘‘ آباد ہےتصویر: AFP/G. Baker

دو گواہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس واقعے کے حوالے سے متعدد گرفتاریاں کی ہیں اور پیر تک کئی سو سکیورٹی اہلکار شہر میں موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھڑپوں کے بعد سے مسجد کے آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کو وقفے وقفے سے انٹرنیٹ کی بندش اور کنیکٹیویٹی کے دیگر مسائل کا سامنا تھا۔

ٹونگھائی حکومت کی جو ناگو کی انتظامیہ بھی ہے، کی طرف سے اتوار کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا، ''سماجی نظم و نسق کو بری طرح متاثرکرنے کے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘‘

اس واقعے میں ملوث افراد کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ''تمام غیر قانونی اور مجرمانہ کارروائیوں کو فوری طور پر بند کریں۔‘‘ حکام کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ جو بھی اپنے آپ اپنے رویے کو تبدیل کرنے سے انکار کرے گا اسے ''سخت سزا‘‘ دی جائے گی۔

China Xinjian Region | Tourismus neben strenger Polizeikontrolle und Internierungslager
چین کے مختلف علاقوں میں تاریخی مساجد موجود ہیںتصویر: AFP/G. Baker

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ 6 جون سے پہلے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈالنے والوں کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کیا جائے گا۔

منگل کو اے ایف پی کے ذریعے رابطہ کیے جانے کے بعد ، ٹونگھائی کے پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے انٹرنیٹ کی بندش کی تردید کی، لیکن مزید تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

ترکی میں موجود ایغور مسلمان، چین بدر کیے جانے کے خوف میں

چینی صوبے یونان میں قائم ناجیائینگ مسجد منگ خاندان نے اپنے دور حکومت میں تعمیر کروائی تھی۔ یہ ایک انتہائی تاریخی مسجد مانی جاتی ہے۔ تاہم چین میں حالیہ برسوں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کے جذبات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ چین میںایغور مسلم اقلیتی برادری کی ''نسل کشی‘‘ پر عالم اسلام سمیت دنیا بھر میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مسجد کے انہدام کے منصوبے کو بھی چین میں بڑھتے ہوئے،''اسلامو فوبیا‘‘ جذبات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

ک م/ ع ب (اے ایف پی)