چینی قونصل خانے پر حملہ ناکام بنا دیا گیا
23 نومبر 2018خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ کراچی میں واقع چینی قونصل خانے پر ہوئے ایک دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چینی قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔ پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق حملے سے پہلے ایک دھماکا ہوا، جس کے بعد مسلح حملہ آوروں نے کارروائی شروع کی۔ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ کس نوعیت کا تھا۔
کالعدم بلوچ تنظیم ’بلوچستان لبریشن آرمی‘ کے ایک مبینہ ترجمان نے روئٹرز اور اے ایف پی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
چینی قونصل خانے کی عمارت کے باہر کراچی پولیس کے سربراہ امیر شیخ نے صحافیوں کو بتایا، ’’صورتحال قابو میں آ چکی ہے۔ تمام حملہ آور ہلاک کر دیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اب سکیورٹی اہلکار کلیئرنگ آپریشن کر رہے ہیں۔ امیر کے مطابق چینی سفارتی عملے کا کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔
اس حملے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس کارروائی کی مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان چینی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ جمعے کی صبح تقریبا ساڑھے نو بجے جب یہ حملہ کیا گیا تو اس وقت چینی قونصل خانے میں سفارتی عملے کے اکیس اہلکار موجود تھے، جو بالکل محفوظ رہے۔
ع ب / ش ح (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)