1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی وزیراعظم کا دورہ پاکستان

21 مئی 2013

عوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ بھارت کا دورہ مکمل کر نے کے بعد اپنے پہلے دو روزہ سرکاری دورے پر بدھ کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/18bWf
تصویر: Reuters

پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کے روز جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق چین کے وزیر اعظم ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ بائیس سے تئیس مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ لی کی چیانگ کا چین کا وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے اور وہ ایک ایسے وقت پر یہ دورہ کر رہے ہیں جب پاکستان میں انتخابات کا جمہوری عمل مکمل ہوا ہے۔

چینی وزیر اعظم اسلام آباد آمد کے فورًا بعد پا کستانی صدر آصف زرداری اور نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ اس ملاقات کے بعد لی کی چیانگ کو پاکستان کا اعلی ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان بھی دیا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری ایوان صدر میں چینی وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، جس میں ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سر براہان کو مدعو کیا گیا ہے۔

تجزیہ کار ماریہ سلطان کے مطابق چین کے وزیر اعظم کے دورے کا وقت دونوں ممالک اور خطے کے لیےے انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہ ’’وہ پاکستان کو دو پیغام دینا چاہتے ہیں ایک تو یہ کہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لیے بہتر تعلقات کلیدی کردار ادا کریں گے اور یہ کہ گوادر کی بندر گاہ کے ساتھ پاکستان کے چین کے ترقیاتی منصوبے منسلک ہیں۔ اور ساتھ ہی پاکستان کی جو نو منتخب حکومت ہے اس کو بھی بڑا واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ چین ان کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ آئندہ پانچ سالوں کے لیے بہت مظبوط اور سٹریٹجک تعلقات کا آغاز کرنا چاہتا ہے‘‘۔

Asif Ali Zardari
چینی وزیر اعظم اسلام آباد آمد کے فورًا بعد پا کستانی صدر آصف زرداری اور نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کے ساتھ ملاقاتیں کریں گےتصویر: Getty Images

چین کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے دوران اقتصادیات،سائنس و ٹیکنالوجی، خلاء اور بالائی موسمیاتی مواصلات اور توانائی کے شعبے میں متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون میں قا بل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے سال دو ہزار بارہ میں باہمی تجارت میں پہلی مرتبہ بارہ ارب امریکی ڈالر کے ہندسے کو عبور کیا ہے۔ دونوں ممالک آئندہ چند سالوں میں دو طرفہ تجارت کے حجم کو پندرہ ارب امریکی ڈالرز تک لے جانا چاہتے ہیں۔ آج کل پاکستان میں ایک سو بیس چینی کمپنیاں مختلف اقتصادی سر گرمیوں میں مصروف ہیں۔ جبکہ دوہزار بارہ میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری دو ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔

تاہم معاشی تجزیہ کار ڈاکٹر وقار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو چین کے ساتھ تجارت سے ابھی اس سطح کا فائدہ نہیں ہو رہا جو پاکستانی حکومت بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے حاصل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہ’’ پاکستان کی جو درآمدات بہت مہنگے داموں یورپ، امریکا اور جاپان سے آتی تھیں وہ اب چین بہت سستے داموں دے دیتا ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان کی درآمدات کے شعبے میں بچت ہوئی ہے۔ صارف کو فائدہ ہوا ہے اور افراط زر میں بھی کچھ کمی ہوئی ہے۔ اب سمھجنے کی بات یہ ہے کہ ٹھیک ہے پاکستان کم قیمت کا فائدہ اٹھا رہا ہے اور سستی درآمدات مل جاتی ہیں لیکن پاکستان کو بھی فعال ہو کر یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ چین کو کیا برآمد کر سکتا ہے‘‘۔

چینی مہمان پاکستانی ایوان بالا یعنی سینیٹ کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم چیانگ تئیس مئی کو حالیہ انتخابات میں قومی اسمبلی میں اکثریت حا صل کرنے والی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت:عدنان اسحاق