1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل میں اقوام متحدہ کے تین اہلکار ہلاک

28 اکتوبر 2009

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان نے اقوام متحدہ کے زیراستعمال ایک گیسٹ ہاؤس پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے عملے کے ارکان کو یرغمال بنا لیا، جن میں سے تین ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ایک شدید زخمی ہے۔

https://p.dw.com/p/KHEU
تصویر: AP GraphicsBank/DW

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ انہوں نے اسے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو سبوتاز کرنے کے حوالے سے پہلی کارروائی قرار دیا ہے۔

کابل میں اقوام متحدہ کے ترجمان علیم صدیقی نے عملے کے تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا ہے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نےخود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ خبررساں ادارے AFP کے مطابق ز‌خمیوں میں کم از کم دو غیرملکی بھی شامل ہیں۔

UN Flagge hinter Stacheldraht in Bagdad
اقوام متحدہ نے عملے کے ارکان کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہےتصویر: AP

بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور بدھ کو صبح سویرے شارع نو پر موجود گیسٹ ہاؤس میں داخل ہوئے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس موقع پر شدید فائرنگ اور دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔ مجموعی ہلاکتوں کی تعداد سات ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک سینیئر اہلکار ایڈریان ایڈورڈز نے تصدیق کی ہے کہ یہ گیسٹ ہاؤس اقوام متحدہ کے عملے کے زیراستعمال تھا۔ تاہم انہوں نے اس بات سے لاعلمی ظاہر کی کہ وہاں عملے کے کتنے غیرملکی افراد رہائش پذیر تھے۔ ایڈورڈز نے قبل ازیں خیال ظاہر کیا کہ عملے کے تمام ارکان وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید