1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل میں خودکش حملے،کم از کم 26افراد ہلاک

11 فروری 2009

افغانستان کے دارالحکومت میں حکومتی دفاتر پر دو خود کش حملوں میں اب تک کم از کم 26افراد ہلاک جبکہ 54 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ حملہ آوروں نے کابل شہر میں واقع وزارت انصاف کو بھی نشانہ بنایا۔

https://p.dw.com/p/GrX1
افغان وزارت انصاف کی عمارت میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار داخل ہوتے ہوئےتصویر: AP

افغان وزارت دفاع کے مطابق ان حملوں کے بعد شہرمیں فوج تعینات دی گئی ہے۔ ان پے درپے بم حملوں کے بعد شہر میں افراتفری دیکھی گئی ہے اور دیر تک ایمبولینسوں کا شور سنائی دیتا رہا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے خبر ایجنسی AFP کو ایک ٹیلی فون کال میں بتایا کہ کابل میں 16 خود کش حملہ آور داخل کئے جا چکے ہیں اور اب وہاں سلسلہ وار کارروائیاں کی جائیں گی۔

Anschlagsserie in Kabul
ایک افغان سپاہی وزارت انصاف کی عمارت کی جانب دوڑتے ہوئےتصویر: AP

افغان وزارت دفاع نے کہا :’’ ہماری اطلاعات کے مطابق شہر میں ہونے والے ان بم حملوں میں 19 افراد ہلاک جب کہ 54 زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

افغان حکام کے مطابق تعلیم اور انصاف کے مرکزی وزارتی دفاتر کی عمارتوں پر ہونے والے ان حملوں میں سات حملہ آور بھی ہلاک ہوئے۔

Anschlagsserie in Kabul
طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا ایک منظرتصویر: AP

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وزارت انصاف کی عمارت جو کابل شہر کے مرکز میں واقع صدارتی محل کے بہت قریب ہے، ان حملہ آوروں کا نشانہ بنی اور حملہ آور سیکیوریٹی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ان عمارتوں میں داخل ہوئے۔ ان حملہ آوروں میں سے کچھ عمارتوں کی اوپری منازل تک بھی پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

ان حملوں اور اندھا دھند فائرنگ کے باعث عمارتوں میں قائم دفاتر کے ملازمین خود کو قید کئے بیٹھے رہے اورسیکیوریٹی اہلکاروں کا عمارتوں میں تلاشی آپریشن گھنٹوں جاری رہا۔

Anschlagsserie in Kabul
دارالحکومت کابل کے مرکز میں صدارتی محل کے قریب واقع افغان وزارت انصاف کی عمارتتصویر: AP

وزارت داخلہ کے مطابق چار حملہ آوروں کو ان عمارتوں کے اندر ہلاک کیا گیا۔ ان حملوں کے بعد حکومت کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔

نئے امریکی صدر باراک اوباما کے مندوب برائے پاکستان اور افغانستان رچرڈ ہال بروک جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں انہیں اسلام آباد کے بعد کابل پہنچنا ہے۔ رچرڈ ہال بروک کے اعلان شدہ دورہ افغانستان سے قبل افغان دارالحکومت کابل کے مرکز میں سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس علاقے میں ایسے حملوں کو بہت تشویش ناک سمجھا جا رہا ہے۔