1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل میں دو خودکُش حملے، کم از کم 25 افراد ہلاک

30 اپریل 2018

افغان دارالحکومت کابل میں دہرے خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم پچیس افراد ہلاک جبکہ پینتالیس زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں فرانیسسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر کے علاوہ تین دیگر صحافی بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2wtCk
Afghanistan Kabul Doppelanschlag
تصویر: Reuters/O. Sobhani

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کے دن یہ دو خودکش حملے مرکزی کابل میں کیے گئے۔ ہلاک شدگان میں فرانیسسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر کے علاوہ تین دیگر صحافی بھی شامل ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ بظاہر ان حملوں میں غیر ملکی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ جہاں یہ حملے کیے گئے ہیں، وہاں نیٹو صدر دفاتر کے علاوہ متعدد ممالک کے سفارتخانے بھی واقع ہیں اور اس علاقے کی سکیورٹی انتہائی سخت ہے۔ کسی بھی گروہ نے فوری طور پر ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ماضی میں ایسے حملے داعش یا افغان طالبان کی طرف سے کیے جاتے رہے ہیں۔

Afghanistan Kabul Doppelanschlag
تصویر: Reuters/O. Sobhani

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پہلے دھماکے کے بعد وہاں رپورٹنگ کے لیے صحافی پہنچے اور دوسرے دھماکے کی زد میں آ گئے۔ دارالحکومت میں یہ دو خودکش حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں، جب ایک ہفتہ پہلے ہی ایک ووٹر رجسٹریشن سینٹر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ساٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جرمنی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق پہلا دھماکا این ڈی ایس انٹیلی جنس سروس کی عمارت کے قریب ہوا، جبکہ دوسرا دھماکا اربن ڈویلپمنٹ اینڈ ہاؤسنگ کی وزارت کے قریب ہوا۔

Afghanistan Kabul Doppelanschlag
تصویر: Reuters/O. Sobhani

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نجیب دانش کے مطابق پہلے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ دیگر پانچ زخمی ہوئے تھے۔ اس دھماکے کی کوریج کے لیے وہاں صحافی پہنچے تو پھر ایک دوسرا دھماکا ہوا۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے ایک نمائندے اور عینی شاہد کے مطابق زخمی اور ہلاک ہونے والوں میں کئی صحافی شامل ہیں۔ ایجنسی فرانس پریس نے اپنے چیف فوٹوگرافر شاہ مرائی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ گزشتہ ہفتے طالبان نے بھی ’موسم بہار‘ کے حملوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ا ا / ع ب