1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’کراچی افیئر‘ سارکوزی کے ساتھی پر فرد جرم عائد

30 اکتوبر 2012

پیرس کی ایک عدالت نے سابق صدر نکولا سارکوزی کے ایک ساتھی نکولا بازائر Nicolas Bazire پر فرد جرم عائد کر دی۔ ان پر الزام ہے کہ وہ 1995ء کے صدارتی انتخابات کے دوران غیر قانونی فنڈنگ کے ایک اسکینڈل میں ملوث تھے۔

https://p.dw.com/p/16ZEO
تصویر: dapd

یہ مقدمہ ’کراچی افیئر‘ کے نام سے مشہور ان پیچیدہ تحقیقات کا حصہ ہے، جس میں فرانس اور پاکستان کے مابین ایک اسلحہ ڈیل بھی آتی ہے، جس کے تحت مبینہ طور پر ناجائز خفیہ رقوم کے انتظام کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ عدالت اس حوالے سے ان دعوؤں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ 2002ء میں کراچی میں گیارہ فرانسیسی انجینیئروں کی ہلاکت پاکستانی ایجنٹس کی کارروائی تھی، کیونکہ پیرس حکومت نے آبدوزوں کی ایک ڈیل کے تناظر میں پاکستانی متعلقہ حکام کو ناجائز خفیہ رقوم دینے سے انکار کر دیا تھا، جس کا پہلے وعدہ کیا گیا تھا۔

Anschlag auf Ausländer in Pakistan
کراچی بم دھماکے میں گیارہ فرانسیسی اور تین پاکستانی مارے گئے تھےتصویر: AP

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کو چار گھنٹے کی طویل سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ نکولا بازائر اسلحہ ڈیل سے ناجائز رقوم کے اس اسکینڈل میں ملوث ہیں، جو1995ء میں صدارتی امیدوار Edouard Balladur کی مہم میں استعمال میں لائی گئی تھیں۔ سابق وزیر اعظم بالادور کی مہم کے سابق سربراہ بازائر گزشتہ برس ستمبر سے زیر تفتیش تھے۔ اسی تناظر میں سابق فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے دیگر دو ساتھیوں سے بھی پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔

اس وقت سابق صدر نکولا سارکوزی بالادور کی انتخابی مہم کے ترجمان اور بجٹ وزیر تھے۔ اس کیس کے ایک مبینہ کردار کے طور پر نکولا سارکوزی کا بھی نام لیا جاتا رہا ہے تاہم وہ ہمیشہ سے ہی ان الزامات کی صحت سے انکار کرتے رہے ہیں۔

فرانس نے 1994ء میں پاکستان کو آبدوزوں کی فروخت کی ایک ڈیل کی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ اس ڈیل کے تحت پاکستانی متعلقہ حکام کو خفیہ طور پر رشوت دیے جانے کا ایک معاہدہ کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اس ڈیل کے منظر عام پر آ جانے کے بعد اس وقت کے صدر ژاک شیراک نے ان رقوم کی منتقلی رکوا دی تھی۔

( ab /sks (AFP