کيا اس قسم کی جمہوريت بہترين انتقام ہے؟
16 جون 2023حافظ نعیم الرحمان نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا اور جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے بھی ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ہے۔
پاکستان میں مردم شماری میں خامیوں پر ماہرین کی تنبیہ
پاکستان میں سورج کے گرد ہالہ، طوفانی موسم کی پیش گوئی؟
میئر کے انتخاب پر پیپلز پارٹی کا مؤقف
صوبائی وزیر اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں جماعت اسلامی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کونسلرز نے پارٹی پالسیز پراختلافات کرتے ہوئے انتخابی عمل میں شرکت سے انکار کیا۔ پی ٹی آئی کے کونسلرز کے واٹس ایپ گروپ پر میسجز اور ٹیلی فونک گفتگو ہے، جس میں وہ پارٹی کی قیادت سے اختلافات کا اظہار کر رہے ہیں کہ انہیں پارٹی نے مشاورت کا حصہ نہیں بنایا، ’’اگر تحریک انصاف اپنے کونسلرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے آمادہ نہیں کر سکی تو اس میں پیپلز پارٹی کا کوئی قصور نہیں۔ حافظ نعیم کی ذمہ داری تھی کہ وہ اپنے اتحادیوں کو ووٹ دینے کے لیے رضامند کریں لیکن وہ اس میں ناکام رہے ہیں۔‘‘
ملکی سیاست میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی ریت
پاکستان کی سیاست پر نظر ڈالیں تو اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی ریت کوئی نئی نہیں۔ 1970ء کے انتخابات میں شیخ مجیب الرحمان کی عوامی لیگ پارٹی قومی اسمبلی کی 313 نشستوں میں سے 167 پر کامیابی حاصل کر کے اکثریتی جماعت بنی تھی جبکہ اس کے مدمقابل پیپلز پارٹی صرف 80 نشستیں ہی حاصل کر پائی تھی، تاہم عوامی لیگ کی اکثریت کو تسلیم نہ کیا گیا اور اقتدارعوامی لیگ کے حوالے نہ کیا گیا اور نتیجتاﹰ ملک دو لخت ہو گیا۔
مارچ 2021 ء کو ہونے والے سینیٹ کے انتخاب میں بھی حکمران جماعت تحریک اںصاف کے امیدوار حفیظ الدین شیخ کو شکست ہوئی جبکہ اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی اپنے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو منتخب کرانے میں کامیاب رہی۔
پیپلز پارٹی خود بھی شکار بن چکی ہے
اگر سیاسی تاریخ پر نظر ڈالیں تو پیپلز پارٹی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے فن میں ماہر سمجھی جاتی ہے اور موجودہ دور میں سابق صدر آصف علی زرداری کو سیاسی جوڑ توڑ کا ماہر ترین کھلاڑی سمجھا جاتا ہے۔ لیکن پیپلز پارٹی ہمیشہ ہی فائدے میں نہیں رہی۔ 1992ء میں مسلم لیگ فنکشنل کے مظفر حسین شاہ وزیراعلیٰ سندھ بن بیٹھے تھے اور صوبے کی دو بڑی اکثریتی سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے پر مجبور ہو گئی تھیں۔
موجودہ منظرنامے کی تاریخی طور پر مماثلت
موجودہ سیاسی منظر نامے پر نظر ڈالیں تو گویا تاریخ اپنے آپ کو دہرا رہی ہے۔ 1979ء میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی اور پیپلز پارٹی کے عبدالخالق اللہ والا میئر بنے جارہے تھے تاہم پھر پیپلز پارٹی کے کچھ کونسلرز اغوا اور گرفتار ہو گئے۔ نتیجتاﹰ جماعت اسلامی کے نامزد عبدالستار افغانی میئر کراچی منتخب ہوگئے۔ آج پھر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایسی ہی صورتحال ہے تاہم نتائج 1979ء کے برعکس ہیں۔
گزشتہ روز جشن کے دوران مرتضی وہاب کا حافظ نعیم کو مخاطب کر کے کہنا کہ نعیم بھائی ’’کیسا دیا‘‘۔ یہ بیان دونوں جماعتوں کی ماضی کی چپقلش واضح کرنے کے لیے کافی ہے۔
پیپلز پارٹی کی طویل المعیاد منصوبہ بندی
مرتضیٰ وہاب کی کامیابی گزشتہ روز ہونے والے انتخابی عمل یا چند روز کا قصہ نہیں بلکہ ایک جامع منصوبہ بندی نظر آتی ہے کہ پہلے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کے حوالے ٹال مٹول کرتی رہی اور حتیٰ الامکان کوششیں کی گئیں کہ انتخابات تاخیر ک اشکار ہوں۔ پیپلز پارٹی پر نئی حلقہ بندیوں کے حوالےسے بھی الزام لگایا جا رہا ہے کہ ان حلقہ بندیوں سے صرف پیپلز پارٹی کو ہی فائدہ پہنچا ہے جبکہ ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کو ان حلقہ بندیوں سے نقصان ہوا ہے۔
دوسری جانب مرتضٰی وہاب کو بھی بلدیاتی انتخابات سے قبل ایڈمنسٹریٹر کے طور پر شہر کی باگ ڈور دی گئی اور انہیں پوری طرح سے تیار کیا گیا۔ اس کے بعد بلدیاتی قوانین میں غیر منتخب شخص کے میئر کا انتخاب لڑنے کی اجازت دینے کی ترمیم کر کے مرتضیٰ وہاب کے لیے بند دروازہ کھول دیا گیا۔ یہ سارے عوامل ایک طویل منصوبہ بندی کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی یہ منصوبہ بندی بالآخر بارآور ثابت ہوئی۔
کراچی کی میئر شپ کی سیاسی قیمت
اینکرپرسن اور تجزیہ کار طلعت حسین کہتے ہیں کہ کراچی سونے کا انڈا دینے والی مرغی ہے تاہم مرغی کا گلا نہیں مروڑا جاتا۔ پیپلز پارٹی نے میئر شپ کے لیے سیاسی طور پر بڑی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ایک بڑی سیاسی جماعت کے طور پر پیپلز پارٹی کو جمہوری طرزعمل کے تحت جس کے زیادہ نمبرز تھے اسے آنے دینا چاہیے تھا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا کہ 36 کروڑ روپے میں میئر کراچی کا عہدہ پیپلز پارٹی کے لیے برا سودا نہیں ہے،’’پہلے ہی دبئی میں خرید و فروخت کی منڈی لگا دی گئی ہے۔ حافظ نعیم کو خرید و فروخت میں شکست ہوئی لیکن عوام میں نہیں۔‘‘
سادہ اکثریت کے بغیر چیلنجز کا سامنا رہے گا
سینیئر صحافی مظہرعباس نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سادہ اکثریت کے بغیر معاملات کو لے کر چلنا آسان نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے غائب ارکان کے منظرعام پر آنے کے بعد اور کیا انہوں نے اپنا الگ فاروڈ گروپ بنا لیا ہے؟ اور کیا وہ پارٹی کے فیصلوں سے واقعی اختلاف کرتے ہیں؟ یہ تمام چیزیں واضح ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکے گا، '' البتہ سندھ ہائیکورٹ میں غیر منتخب شخص کے میئر کا انتخاب لڑنے سے متعلق بلدیاتی قانون میں ترمیم کے حوالے سے کیس بہت اہم ہے۔ اگر عدالت عالیہ اس ترمیم کو منسوخ قرار دے دیتی ہے تو مرتضیٰ وہاب میئر نہیں رہیں گے۔‘‘