1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرسٹیانو رونالڈو، ’یورپ کے بہترین کھلاڑی‘

عاطف بلوچ29 اگست 2014

معروف پرتگیزی فٹ بالر کرسٹینانو رونالڈو نے یورپ کے بہترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز جیت لیا ہے جبکہ خواتین فٹ بالرز کے مقابلے میں جرمن خاتون کھلاڑی نادین کیسلر کامیاب قرار پائی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1D3RX
کرسٹیانو رونالڈو نے چیمپئنز لیگ ٹورنامنٹ میں اپنے کلب ریال میڈرڈ کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

جمعرات کے دن مونٹی کارلو میں منعقد ہوئی ایک شاندار تقریب میں ریال میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے انتیس سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو یورپ کا بہترین فٹ بالر قرار دیا گیا۔ اگرچہ یہ اسٹار کھلاڑی رواں برس برازیل میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں اپنی قومی ٹیم کے لیے کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن چیمپئنز لیگ ٹورنامنٹ میں انہوں نے اپنے کلب ریال میڈرڈ کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

Fußball WM 2014 Halbfinale Deutschland Brasilien Neuer
جرمن گول کیپر مینول نایئر اس ایوارڈ کے ایک مضبوط امیدوار تھےتصویر: Reuters

’یوئیفا بیسٹ پلیئر ان دی یورپ‘ کے لیے جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے گول کیپر مینول نائیر کے علاوہ ڈچ اسٹرائیکر آریان رابن کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ تاہم ججوں کے پینل نے یورپ کے اس معتبر انعام کے لیے چوبیس ووٹوں کے ساتھ رونالڈو کا انتخاب کیا۔ بائرن میونخ کی نمائندگی کرنے والے نائیر اور رابن بالتریب 19 اور نو ووٹ حاصل کر پائے۔

رونالڈو کو دوسری مرتبہ اس ٹائٹل کو اپنے نام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس سے قبل 2008ء میں بھی انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس وقت وہ پریمیئر لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔ ان کو اس وقت ’فیفا ورلڈ پلیئر آف دی ایئر‘ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

یورپ کے بہترین فٹ بالر کا انعام حاصل کرنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈ نے کہا، ’’یہ ایک بہترین سال تھا۔ اس لیے میں اپنی ٹیم، کوچ اور مداحوں پر فخر کر رہا ہوں۔‘‘ انہوں نے اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئےاپنے ساتھی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے ہی یہ انعام نہیں جیت سکتے تھے بلکہ ایک ٹیم ورک کے نتیجے میں وہ اس مقام پر پہنچے ہیں۔

آریان رابن نے بھی رونالڈو کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس سیزن میں انہوں نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔ رونالڈو نے رواں سیزن میں ریال میڈرڈ کے لیے کھیلے گئے اپنے گیارہ میچوں میں سترہ گول کیے۔

جرمن کھلاڑی مینول نایئر بھی اس ایوارڈ کے ایک مضبوط امیدوار تھے۔ اگر وہ یہ اعزاز حاصل کرتے تو وہ 1963ء کے بعد پہلے گول کیپر ہوتے، جنہوں نے بہترین یورپی فٹ بالر کا انعام جیتا ہوتا۔ نایئر نے رواں سیزن میں نہ صرف اپنے کلب کے لیے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا بلکہ عالمی فٹ بال مقابلوں میں انتہائی پھرتیلی اور شاندار کارکردگی سے جرمنی کو چوتھی مرتبہ یہ اعزاز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

Frauenfußball Champions League Finale 2014 VfL Wolfsburg Tyresö FF
یورپ کی بہترین خاتون کھلاڑی جرمنی کی نادین کیسلر قرار پائی ہیںتصویر: Getty Images

تقریب انعامات سے قبل نائیر کا کہنا تھا کہ وہ اس اعزاز کے لیے نامزد ہونے پر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’یہ معمولی بات نہیں کہ مجھے آج اسٹرائیکرز کے ساتھ اس انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔۔۔ یہ انعام جیتنا کوئی آسان کام نہیں ہے، بالخصوص گول کیپرز کے لیے۔‘‘

خواتین کی کیٹیگری میں بہترین فٹ بالر کے ایوارڈ کے لیے جرمن کلب وولفس برگ کی اسٹرائیکر نادین کیسلر کا انتخاب کیا گیا۔ اس مقابلے میں ان کی مد مقابل انہی کی ٹیم کی مارٹینا مُلر اور نِیلا فشر کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کیسلر نے انعام وصول کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ایک انتہائی حیرت انگیز احساس ہے۔ مجھے اس کیفیت کو الفاظ میں بیان کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نِیلا اور مارٹینا بھی اس ایوارڈ کی مستحق ہیں۔