1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرن جوہر شادی اور بیوی کے بغیر باپ بن گئے

عابد حسین
5 مارچ 2017

بھارتی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کرن جوہر بالی ووڈ کی ایک مشہور شخصیت ہیں۔ انہوں نے ابھی تک شادی نہیں کی لیکن وہ جڑواں بچوں کے باپ بن گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2YfEN
Bollywood Karan Johar
تصویر: picture alliance/ZUMA Press

کرن جوہر کو باپ بننے کے لیے ایک کرائے کی ماں کا سہارا لینا پڑا جس نے کرن جوہر کے لیے جڑواں بچے کیے۔ ان میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے۔ کرن جوہر کے مطابق نومولود بچے کا نام یَش اور بچی کا نام رُوحی رکھا گیا ہے۔

اس مناسبت سے کرن جوہر نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یہ اُن کے لیے انتہائی جذباتی صورت حال ہے اور وہ باپ بننے کی کیفیت کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہیں۔ کرن جوہر نے یہ بھی کہا کہ والدین کی ذمہ داریوں اور فرائض کا بغور مشاہدہ اور مطالعہ کرنے کے بعد ہی انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ ایک کرائے کی ماں کے ذریعے اولاد حاصل کریں گے۔

بھارتی فلمی صنعت بالی ووڈ کے مشہور ہدایتکار اور فلم ساز کرن جوہر نے باپ بننے کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ عورت جس نے اُن کے لیے بچوں کو جنم دیا ہے، وہ اُس کے انتہائی مشکور و ممنون ہیں کیونکہ اُس کے مکمل تعاون ہی سے وہ اپنے ایسے ایک خواب کی تکمیل کر پائے ہیں، جو وہ برسوں سے دیکھ رہے تھے۔

Isha Ambani
کرن جوہر ممتاز صنعت کار مکیشن امبانی کی بیٹی ایشا کے ہمراہتصویر: Getty Images/AFP/STR

یہ امر اہم ہے کہ کرن جوہر نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے اور وہ سنگل ہیں۔ ممبئی کے بعض سماجی حلقے اُن کے ہم جنس پرست ہونے کے بھی اشارے دیتے ہیں۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے وہ پہلے فرد نہیں ہیں جنہوں نے کرائے کی ماں کی سہولت حاصل کی ہے۔ بھارت کے مشہور اداکار شاہ رخ خان اور اُن کی بیوی گوری خان نے بھی تیسرے بچے کے حصول کے لیے ایک کرائے کی ماہ کا سہارا لیا تھا۔

بھارت میں سن 2001 سے کرائے کی ماں حاصل کرنے میں بظاہر کوئی قانونی پیچیدگی حائل نہیں ہے۔ نریندر مودی کی قیادت میں قائم موجودہ قوم پرست حکومت نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اس صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے اس قانون کو ختم کرتے ہوئے کرائے کی ماں کے حصول کو ناممکن بنا دیں گے۔ سماجی حلقوں کے مطابق بھارت میں ’کرائے کی ماں‘ غریب بستیوں میں کمائی کا ایک بڑا ذریعہ تصور کیا جاتا ہے۔