1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: آخری ون ڈے جنوبی افريقہ کے نام

عاصم سليم30 نومبر 2013

پاکستان اور جنوبی افريقہ کے مابين کھيلی جانے والی تين ايک روزہ ميچوں کی سيريز کے تيسرے اور آخری ميچ ميں ميزبان ٹيم نے مہمان ٹيم کو چار وکٹوں سے شکست دے دی تاہم پاکستان پہلے ہی سے يہ سيريز اپنے نام کر چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/1AR84
تصویر: Fotolia/S.White

ون ڈے سيريز کا آخری ميچ سينچورين کے سپر اسپورٹ پارک ميں کھيلا گيا۔ اس ميچ ميں جنوبی افريقہ کی ٹيم نے ٹاس جيت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فيصلہ کيا۔ پاکستان کی پوری ٹيم چھياليس اعشاريہ پانچ اووروں ميں 179 رنز پر ڈھير ہو گئی۔ ميزبان ٹيم کی جانب سے ورنن فيلينڈر نے چھتيس رنز ديتے ہوئے تين کھلاڑيوں کو پويلين کا رخ دکھايا۔ پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے 79 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھيلی۔ ان کے علاوہ عمر امين نے پچيس، صہيب مقصود نے بھی پچيس اور عبدالرحمان نے بائيس رنز بنائے۔ باقی کوئی بھی بلے باز نماياں اسکور نہيں کر پايا۔

مصباح الحق نے 79 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھيلی
مصباح الحق نے 79 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھيلیتصویر: AP

بعد ازاں جب جنوبی افريقہ کی ٹيم ميدان ميں اتری تو ميچ جيتنے کے ليے اسے 180 رنز کا ہدف درکار تھا۔ ميزبان ٹيم نے اڑتيس اعشاريہ چار اوورز ميں چھ وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناتے ہوئے مقررہ ہدف با آسانی حاصل کر ليا اور يوں تيسرے اور آخری ايک روزہ ميچ ميں فتح اپنے نام کر لی۔ کپتان اے بی ڈی ويليئرز نے اڑتاليس زنر ناٹ آؤٹ کی بہترين اننگز کھيلی۔ سعيد اجمل پاکستان کے سب سے کامياب باؤلر رہے، انہوں نے چھتيس رنز دے کر دو کھلاڑيوں کو آؤٹ کيا۔

ميچ کے سب سے بہترين کھلاڑی کا اعزاز جنوبی افريقہ کے ورنن فيلينڈر کو ديا گيا۔

ميزبان ٹيم اس تين ميچوں کی سيريز کے پہلے دو ميچوں ميں شکست کے بعد سيريز ہار چکی تھی اسی ليے اس نے اپنے چار اہم کھلاڑيوں کو اس ميچ ميں شامل نہيں کيا۔ اسی طرح پاکستان نے بھی چار کھلاڑيوں، جن ميں شاہد آفريدی بھی شامل تھے، کو اس ميچ ميں ريسٹ ديا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چوبيس نومبر کو کھيلے جانے والے پہلے ون ڈے ميں تيئس جبکہ ستائيس نومبر کو کھيلے گئے دوسرے ون ڈے ميں ايک رن سے کاميابی حاصل کرتے ہوئے اپنی تاريخ ميں پہلی مرتبہ جنوبی افريقہ کے خلاف ايک روزہ ميچوں کی سيريز جيتی تھی۔

آئندہ پير سے بھارتی کرکٹ ٹيم جنوبی افريقہ کا دورہ کر رہی ہے، جہاں وہ دو ٹيسٹ ميچوں سميت تين ايک روزہ ميچوں کی سيريز کھيلے گی۔