کرکٹ: احمد شہزاد کی دھوئيں دار اننگز، پاکستان کی جیت
30 مارچ 2014اِس ميچ ميں پاکستان نے ٹاس جيت کر پہلے بيٹنگ کرنے کا فيصلہ کيا اور اوپنر احمد شہزاد کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ بيس اووروں ميں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کيے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے شہزاد نے باسٹھ گيندوں پر 111 رنز ناٹ آؤٹ کی دھوئيں دار اننگز کھيلی، جس ميں اُنہوں نے چھ چھکے اور دس چوکے لگائے۔ يہ بين الاقوامی ٹی ٹوئنٹی ميں اُن کی پہلی سنچری ہے۔ احمد شہزاد اور شعيب ملک کے درميان چوتھی وکٹ کی شراکت ميں پاکستان نے 83 رنز بنائے۔ اننگز کا اختتام بھی کافی دلچسپ رہا اور آخری دو اوورز ميں پاکستان نے چواليس رنز اسکور کيے۔
ميزبان ٹيم کی جانب سے عبدالرزاق سب سے کامياب باؤلر رہے، جنہوں نے چار اوورز ميں بيس رنز دے کر دو کھلاڑيوں کو پويلين کا رخ دکھايا۔ محمود اللہ، شکيب الحسن اور الامين حسين نے بھی ايک ايک وکٹ لی۔
جواب ميں بنگلہ ديش کی ٹيم مقررہ بيس اوورز ميں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 140رنز بنانے ميں کامياب رہی۔ ميزبان ٹيم کی پہلی وکٹ تيس کے مجموعی اسکور پر گری، جس کے بعد يکے بعد ديگرے وکٹيں گرتی رہيں اور ايک موقع پر 47 رنز پر بنگلہ ديش کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
پاکستان کے ليے سب سے کامياب بالر عمر گُل رہے، جنہوں نے چار اوورز ميں تيس رنز دے کر تين وکٹيں حاصل کيں۔ ان کے علاوہ سعيد اجمل نے دو جبکہ شاہد آفريدی اور ذوالفقار بابر نے ايک ايک وکٹ لی۔
اس ميچ سے قبل پاکستان نے دو ميچ کھيلتے ہوئے دو پوائنٹس حاصل کر رکھے تھے۔ اب بنگلہ ديش کے خلاف يہ کاميابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو سيمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے ليے آئندہ منگل کے روز ويسٹ انڈيز کے خلاف ہونے والے ميچ ميں لازمی طور پر فتح حاصل کرنی ہوگی۔ سيمی فائنل تک پہنچنے کی ممکنہ صورت ميں پاکستان کا سامنا روايتی حريف بھارت سے ہو گا۔
دوسری جانب بنگلہ ديش اب اپنے تينوں ميچوں ميں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گيا ہے۔