1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: انگلینڈ کے خلاف پہلے وَن ڈے میں پاکستان کی شکست

14 فروری 2012

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف وَن ڈے سیریز کا پہلا میچ 130 رنز سے جیت لیا ہے۔ انگلش بیٹسمین ایلیسٹیئر کُک نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 137رنز بنائے۔

https://p.dw.com/p/142sl
مصباح الحقتصویر: AP

پاکستان کے خلاف چار میچوں کی اس سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کے بولر اسٹیو فِن نے اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کیا اور 34 رنز کے عوض چار کھلاڑی آؤٹ کیے۔

ابو ظہبی میں پیر کو کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے کپتان ایلیسٹیئر کُک کی شاندار سینچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ دوسری جانب فِن کے ساتھ ساتھ سمیت پٹیل نے بھی 26 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے اور یوں ان دونوں بولروں نے پاکستانی بیٹسمینوں کو ہدف سے بہت دُور رکھا۔

بعد ازاں کُک نے کہا: ’’یہ بہت اچھا دِن تھا۔ ہم نے رنز بنائے اور فِن اور پٹیل نے بولنگ کے جوہر دکھائے، روی نے میرا کام آسان کیا اور رنز بنانا اور سیریز کا آغاز بہترین انداز سے کرنا تو اچھا ہی ہوا کرتا ہے۔‘‘

فِن کو قبل ازیں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے تین ٹیسٹ میچز میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ انہوں نے پہلے وَن ڈے میچ میں اپنی ساتویں اور آٹھویں گیند پر ہی پاکستانی کھلاڑیوں کو ایسا دھچکا لگایا جس کے بعد انہیں سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔

فِن نے پہلے محمد حفیظ کو ایل بی ڈبلیو قرار دلوا کر پویلین بھیجا اور اس سے اگلی ہی گیند پر اسد شفیق فِن کا دوسرا شکار بن گئے۔

Flash-Galerie Cricket Alastair Cook
ایلیسٹیئر کُکتصویر: AP

بعدازاں تھوڑی دیر کے لیے یونس خان نے اپنی ٹیم کی کچھ ہمت بندھائی لیکن وہ بھی جلد ہی فِن ہی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ عمران فرحت بھی فِن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت تک پاکستان کی ٹیم چار کھلاڑیوں کے نقصان پر چالیس کے مجموعی اسکور پر کھڑی تھی۔

پھر کُک نے پٹیل کو بولنگ کیے لیے بھیجا جنہوں نے جلد ہی مزید دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا، جن میں کپتان مصباح الحق اور سابق کپتان شعیب ملک شامل تھے۔ پینتیس اوور تک پاکستان کی پوری ٹیم 130 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔

اس سیریز کا دوسرا میچ ابو ظہبی میں ہی بدھ کو کھیلا جائے گا جبکہ آخری دو میچ دبئی میں ہوں گے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: شامل شمس