1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: محمد حفيظ کی سنچری سری لنکا کو لے ڈوبی

عاصم سليم23 دسمبر 2013

بلے باز محمد حفيظ کی ايک سو بائيس رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو شارجہ ميں کھيلے جانے والے پہلے ايک روزہ ميچ ميں ايک سنسنی خيز مقابلے کے بعد گيارہ رنز سے ہرا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1AcKm
تصویر: Fotolia/S.White

پاکستان اور سری لنکا کے مابين پانچ ايک روزہ بين الاقوامی ميچوں کی سيريز کا پہلا ميچ بدھ اٹھارہ دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ ميں کھيلا گيا۔ اس ميچ ميں پاکستان نے ٹاس جيت کر پہلے بيٹنگ کرنے کا فيصلہ کيا، جسے ٹيم کے بلے بازوں نے درست ثابت کر دکھايا۔ اپنا پہلا ميچ کھيلنے والے شرجيل خان کے اکسٹھ، صہيب مقصود کے تہتر اور محمد حفيظ کے ايک سو انتيس گيندوں پر ايک سو بائيس رنز کی بدولت پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز ميں پانچ وکٹوں کے نقصان پر تين سو بائيس رنز کا اسکور کر ڈالا۔ اننگز کے دوران پاکستانی بيٹسمينوں کی جانب سے کل چودہ چھکے لگائے گئے، جن ميں سے حفيظ اور مقصود نے چار چار جبکہ شرجيل خان اور شاہد آفريدی نے تين تين چھکے مارے۔

حفيظ نے ون ڈاؤن پوزيشن پر بيٹنگ کی
حفيظ نے ون ڈاؤن پوزيشن پر بيٹنگ کیتصویر: DW

ميچ جيتنے کے ليے تين سو تيئس رنز کے تعاقب ميں سری لنکن بلے بازوں کی کارکردگی بھی کافی متاثر کن رہی۔ اوپنر پريرا نے چونسٹھ، دلشن نے تيس، سنگاکارا نے تيئس، چنديمل نے چھياليس جبکہ پرسنا اور سينانياکے نے بياليس بياليس رنز بنائے تاہم سری لنکا کی پوری ٹيم انچاس اعشاريہ چار اوورز ميں تين سو گيارہ کے مجموعی اسکور پر ڈھير ہوگئی اور اسے صرف گيارہ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ميچ کے اختتامی لمحات ميں پرسنا اور سينانياکے نے محض تينتاليس گيندوں پر ستاسی رنز بنا ڈالے تاہم پاکستانی باؤلرز اپنی ٹيم کو ميچ ميں واپس لے آئے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے کامياب باؤلر جنيد خان رہے، جنہوں نے پانچ اعشاريہ چار اووروں ميں چواليس رنز ديتے ہوئے تين کھلاڑيوں کو پويلين کا رخ دکھايا۔ ان کے علاوہ شاہد آفريدی نے دو جبکہ محمد حفيظ، سہيل تنوير اور بلاول بھٹی نے ايک ايک وکٹ حاصل کی۔

'مين آف دا ميچ‘ يعنی ميچ کے سب سے بہترين کھلاڑی کا اعزاز پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز محمد حفيظ کو ديا گيا۔

دونوں ٹيموں کے مابين سيريز کا اگلا ميچ بيس دسمبر کو دبئی ميں کھيلا جائے گا۔ تيسرا ون ڈے شارجہ ہی ميں بائيس دسمبر کو، چوتھا ابو ظہبی ميں پچيس دسمبر کو جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے بھی ابوظہبی ہی ميں ستائيس دسمبر کو کھيلا جائے گا۔