1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ کھیلنے کے لیے صرف بھارت ہی نہیں ہے، آفریدی

عابد حسین18 ستمبر 2015

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ملکی کرکٹ بورڈ سے کہا ہے کہ بھارت کے علاوہ دوسری ٹیموں کو بھی دورے کی دعوت دی جائے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ حالیہ ایام میں بھارت کے ساتھ سیریز پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھا۔

https://p.dw.com/p/1GYaA
تصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

شاہد آفریدی نے لاہور میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ بار بار بھارت کے ساتھ کرکٹ سیریز پر کیوں اتنا زور دے رہا ہے اور اِس کے بجائے دوسری کرکٹ ٹیموں کو بھی دعوت دی جائے۔ آفریدی نے یہ بات لاہور میں تربیتی کیمپ میں شرکت کے دوران کہی۔ یہ تربیتی کیمپ پاکستان کی زمبابوے کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ زمبابوے کی ٹیم نے رواں برس مئی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اگلے برس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ بھارت میں کھیلا جائے گا اور اُس سے قبل پاکستانی ٹیم زمبابوے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بیس بیس اوورز کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی گئی ہے اور اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے تو اِدھر بھی اِتنی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ شاہد آفریدی نے اگلے برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد محدود اوورز کی کرکٹ کو بھی خیرباد کہنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Pakistan Kricket Zimbabwe vs. Pakistan
شاہد آفریدی زمبابوے کی ٹیم کے کپتان کے ہمراہتصویر: DW/A. Ali

رواں مہینے کے آخر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے والی ہے۔ اِس دورے کے لیے منتخب ٹیم کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں۔ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی قومی چیمپیئن شپ میں شریک کئی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متاثر ہونے کا بھی اظہار کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں عمران جونیئر اور بلال آصف نمایاں ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی خاصی تعریف کی گئی ہے اور وہ زمبابوے کا دورہ کرنے والی ٹیم کا حصہ ہیں۔

اُدھر پاکستان کرکٹ بورڈ ابھی بھی اِس انتظار میں ہے کہ بھارت متحدہ عرب امارات میں کرکٹ سیریز کھیلنے پر رضامند ہو جائے۔ بھارت رضامند ہو گیا تو یہ سیریز رواں برس دسمبر میں کھیلی جا سکتی ہے۔ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے ایک مفاہمت پر دستخط کیے تھے کہ سن 2015 سے لے کر سن 2023 تک پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے سے کم از کم چھ مرتبہ سیریز کھیلیں گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کو اِس معاہدے کے حوالے سے نئی دہلی حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ ٹیسٹ سیریز سن 2007 میں کھیلی گئی تھی اور تب پاکستانی ٹیم بھارت گئی تھی۔