کرکٹ کی ورلڈ الیون پاکستان کے دورے پر، ڈپلیسی کپتان مقرر
24 اگست 2017نجم سیٹھی کے مطابق پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈپلیسی کریں گے۔ کرکٹ کے مبصرین کے مطابق اس سیریز کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہے۔ سن 2009 کے بعد صرف زمبابوے اور افغانستان کی ٹیموں نے ہی پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی بس پر سن دو ہزار نو ہی میں دہشت گردانہ حملہ کیا گیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم جلد پاکستان آ رہی ہے
’سری لنکا کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ نجم سیٹھی
پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی سرفراز احمد
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہی حال ہی میں نجم سیٹھی نے سنبھالی ہے۔ انہوں نے ورلڈ الیون کے دورے کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے اور یقینی طور پر اس دورے کے کامیاب انعقاد سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پاکستان پر کھولے جانے کا امکان بڑھ جائے گا۔
اس ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ سے ہاشم املا، مورنی مورکل، عمران طاہر اور ڈیوڈ ملر شامل کیے گئے ہیں۔ آسٹریلیا سے جورج بیلی، ٹم پین اور بین کٹنگ شامل ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ڈیرل سیمی اور سیموئل بدری بھی شامل کیے گئے ہیں۔
اس دورے کے حوالے سے جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈپلیسی کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس بیان میں ڈپلیسی کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایک سنگ میل کی حیثیت کا حامل ہو گا اور اُن کے تمام کھلاڑیوں کو سکیورٹی ماہرین کی جائزہ رپورٹ پر اعتماد ہے۔
ڈپلیسی کے مطابق سکیورٹی ماہرین نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ کھلاڑیوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈپلیسی کے مطابق تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں اور وہ ایک معقول رقم لے کر ہی میچز کھیلیں گے اور اس فیس سے بھی زیادہ اہم تمام کھلاڑیوں کی سلامتی اور تحفظ ہے۔
ورلڈ الیون کے چودہ رکنی اسکواڈ میں بنگلہ دیش کے تمیم اقبال، نیوزی لینڈ کے جورج الیٹ، انگلینڈ سے پال کولنگ ووڈ اور سری لنکا سے تھیسرا پریرا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ورلڈ الیون گیارہ سمتبر کو پاکستان پہنچے گی اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ بارہ، تیرہ اور پندرہ تاریخوں پر کھیلیں جائیں گے۔
جنوبی افریقی کھلاڑی ہاشم املا ان دنوں کندھے کی انجری کا شکار ہیں اور انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ ورلڈ الیون کے دورے تک پوری طرح صحت یاب ہو جائیں گے۔