کشمیر میں زلزلہ: تلاش اور ریسکیو جاری، ہلاکتوں میں اضافہ
25 ستمبر 2019منگل کے روز آنے والے زلزلے سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کا شہر میرپور اور اس کے گرد و نواح کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ گزشتہ شب میرپور کے ضلعی ہسپتال میں مزید کم از کم ایک درجن افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ میرپور پولیس کے سربراہ سردار گل فراز کے مطابق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بتیس ہو چکی ہے۔
میرپور کے ریسکیو اہلکار سعید الرحمان نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں پانچ سو زخمی افراد زیر علاج ہیں جن میں سے ڈیڑھ سو سے زائد افراد شدید زخمی ہیں۔
ریسکیو اہلکار جام سجاد کے مطابق پاکستانی پنجاب کے دو مختلف شہروں میں بھی ایک بچے سمیت دو افراد ہلاک ہوئے۔ سجاد کے مطابق جہلم کے نواحی علاقوں میں بھی دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے جن کا علاج جاری ہے۔
پاکستانی میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 تھی اور اس کا مرکز جہلم اور میرپور کے درمیانی علاقے میں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔
متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور ریسکیو کا عمل اب بھی جاری ہے جن میں پاکستانی فوج کا انجینیئرنگ سے متعلق شعبہ بھی حصہ لے رہا ہے۔ تاہم تلاش اور ریسکیو کے عمل میں تیز بارشوں کے سبب مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ سعید الرحمان نے ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا، ''ہمارا خیال ہے کہ زلزلے کے باعث تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبوں تلے اب بھی کئی افراد دبے ہوئے ہیں لیکن شدید بارش اور سڑکوں میں ٹوٹ پھوٹ کے سبب ہمیں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔‘‘ پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں اگلے چار روز تک تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ش ح / ع ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)