کلب ورلڈ کپ بائرن میونخ کے نام
23 دسمبر 2013ہفتے کے روز کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں بائرن میونخ نے راجا کاسابلانکا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس میچ میں بائرن میونخ بھرپور کارکردگی دکھانے سے تاہم قاصر رہی اور کھیل کے متعدد شعبوں میں ٹیم میں موجود کمزوریاں بھی سامنے آئیں، لیکن مراکش کی چیمپیئن ٹیم راجا کاسابلانکا ان خامیوں سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔
میونخ کی جانب سے دونوں گول کھیل کے پہلے ہاف کے پہلے 22 منٹوں میں ہوئے۔ ان میں سے ایک گول برازیل سے تعلق رکھنے والے سینٹر بیک ڈانٹے اور دوسرا مڈفیلڈر تھیانگو نے کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اسٹرائیکرز کی جانب سے گول کے متعدد مواقع ضائع کرنے سے بائرن میونخ کی ٹیم میں موجود جارحانہ کھیل کی عدم موجودگی اور اسٹرائیکرز کی باہمی ہم آہنگی کا فقدان واضح ہوتا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس کی ایک وجہ اس میچ میں بائرن کے دو اہم اسٹرائیکر کھلاڑیوں باستیان شوائن شٹائیگر اور ارجن روبن کی عدم موجودگی بھی ہو سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس فتح کے ساتھ ہی بائرن میونخ وہ پہلی جرمن ٹیم بن گئی ہے، جس نے ایک برس میں چیمپیئنز لیگ، بنڈس لیگا، جرمن کپ اور UEFA سپر کپ کے بعد یہ پانچواں اعزاز حاصل کیا ہے۔
بائرن میونخ کے کپتان فیلِپ لاہم نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’’ایسے برس کے آخر میں ایسا ٹائٹل جیتنا واقعی ناقابل یقین معلوم ہوتا ہے۔‘‘
بائرن میونخ کے کوچ پیپ گارڈیولا کی زندگی کا یہ تیسرا موقع ہے کہ ان کی کوچنگ میں کسی ٹیم نے کلب ورلڈ کپ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل ان کی کوچنگ میں بارسلونا نے سن 2009ء اور سن 2011ء میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔
کلب ورلڈ کپ چیمپیئن شپ میں بائرن میونخ کے فرانک ریبری کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ منتخب کیا گیا تاہم ریبری کو ابھی اگلے ماہ کی 13 تاریخ کا انتظار کرنا ہو گا کہ آیا وہ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کو شکست دے کر پلیئر آف دا ایئر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ 13 جنوری کو پلیئر آف دا ایئر کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔