1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کلبھوشن کی سزا اور نیپال میں پاکستانی کرنل کی گمشدگی کا معمہ

عبدالستار، اسلام آباد
12 اپریل 2017

کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ کرنل حبیب ظاہر کی نیپال میں پر اسرار گمشدگی پاکستان میں ہر سطح پر زیرِ بحث ہے۔

https://p.dw.com/p/2b8nk
Nawaz Sharif Pakistan Premierminister spricht in Frankreich
تصویر: Getty Images/A.Jocard

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ اور وزیرِ اعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں بھارتی جاسوس کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ نے دعوٰی کیا کہ اس ملاقات میں آرمی چیف اور وزیرِ اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی دباؤ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ کل بروز منگل پاکستان کے ایوانِ بالا سینیٹ میں اس مسئلے پر بحث ہوئی۔ پاکستان کی قومی اسمبلی بھی آج اس مسئلے پر بحث کر رہی ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پر یہ بھی خبریں گرم ہیں کہ پاکستانی فوج کے سابق کرنل حبیب ظاہر کا جو نیپال میں لاپتہ ہوگئے تھے، کلبھوشن نیٹ ورک کا پتہ لگانے میں اہم کردار تھا اور اسی لیے ان کو مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی نے اغواء کیا ہے۔ لیکن پاکستان میں دفاعی تجزیہ نگار اس بات کی تردید کر رہے ہیں۔ معروف تجزیہ کار میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے اس حوالے سے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’میرا خیال ہے کہ کرنل حبیب کا اس نیٹ ورک کو پکڑنے میں کوئی کردار نہیں ہے کیونکہ کرنل حبیب دوہزار چودہ میں ریٹائر ہوگئے تھے جب کہ کلبھوشن کوگزشتہ برس پکڑا گیا ہے۔ ہم نے تو کلبھوشن کی گرفتاری ظاہر کی ہے لیکن کرنل حبیب کے حوالے سے ابھی تک بھارت نے کچھ نہیں کہا ہے۔ ممکن ہے کہ انہیں کسی نے تاوان کے لیے اٹھایا ہو۔ ابھی تک بھارت نے اس بات کا اعتراف نہیں کیا کہ اس نے ہی کرنل حبیب کو اٹھا یا ہے۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’اگر بھارت نے انہیں اٹھایا ہے تو وہ یہ پروپیگنڈا کرے گا کہ کرنل حبیب بھارت دشمن عناصر سے رابطے کے لیے آئے تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ جن لوگوں نے انہیں ملازمت کی پیشکش کی، ان کے لیے ٹکٹ بھیجا اور ہوٹل میں ان کے لیے کمرہ بک کرایا، ہمارے پاس اس سب کا ریکارڈ موجود ہے۔ وہ آئی ایس آئی میں رہ چکے ہیں لیکن نیپال وہ خالصتاﹰ ملازمت کے لیے گئے تھے اور حقائق اس کو ثابت بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے نیپال پہنچنے کے بعد اپنے گھر والوں کو فون کیا اور بتایا کہ وہ اب ہوٹل جارہے ہیں، بعد میں ہوٹل کی بکنگ کو منسوخ کرایا گیا اور انہیں غائب کر دیا گیا۔‘‘
معروف تجزیہ نگار کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’میرا نہیں خیال کہ کرنل حبیب کا کلبھوشن کی گرفتاری میں کوئی ہاتھ تھا۔ ایسی باتیں سوشل میڈیا پر وہ لوگ پھیلارہے ہیں، جو کھلے عام فوج کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہے کہ کرنل حبیب کو کس نے اٹھایا ہے لیکن یہ ایک کھلا راز ہے کہ نیپال میں بھارتی جاسوسی ایجنسی را بہت زیادہ سرگرم ہے۔‘‘
وفاقی اردو یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکڑ توصیف احمد خان کا کہنا ہے کہ صورتِ حال کشیدہ ہوتی جارہی ہے۔ ’’اس صورتِ حال میں اب نواز شریف کے لیے ممکن نہیں ہوگا کہ وہ بھارت سے بہتر تعلقات استوار کر سکیں، جس کا اثر پورے خطے پر ہوگا۔ جنرل راحیل شریف کی سخت گیر پالیسوں نے آج ہمیں اس صورتِ حال میں لا کر کھڑا کردیا ہے۔ پہلے ہم نے ان کا بندہ پکڑا اور اب میڈیا کے مطابق انہوں نے بھی ہمارا ایک کرنل پکڑ لیا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے، اس طرح کی حرکتوں سے دونوں ممالک کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔‘‘

Pakistan Qamar Javed Bajwa
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج آرمی چیف جنرل جاوید قمر باجوہ اور وزیرِ اعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/M. Yousuf
Pakistan - Pressekonferenz über indischen Spion - Kulbhushan Yadav
آرمی چیف اور وزیرِ اعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی دباؤ تسلیم نہیں کیا جائے گاتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi