1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوئٹہ حملے میں ستّر ہلاکتیں، پاکستانی وکلاء کا تین روزہ سوگ

مقبول ملک9 اگست 2016

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بڑے خود کش بم حملے میں ستّر ہلاکتوں کے ایک دن بعد پاکستانی وکلاء آج منگل کو پورے ملک میں احتجاجاﹰ عدالتوں کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ وکلاء آج سے تین روزہ سوگ بھی منا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JeO0
Pakistan Quetta Bombenanschlag vor einer Klinik
تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

کوئٹہ سے منگل نو اگست کے روز نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ کل کے انتہائی ہلاکت خیز دہشت گردانہ حملے کے بعد آج پاکستانی وکلاء برادری کی طرف سے اس حملے میں اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت مجموعی طور پر 70 شہری ہلاکتوں کے خلاف ملک کے طول و عرض میں معمول کی عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے جب کہ آج ہی سے وکلاء برادری تین روز سوگ بھی منا رہی ہے۔

پیر آٹھ اگست کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے سامنے کیا جانے والا خود کش بم حملہ پاکستان میں سب سے زیادہ انسانی ہلاکتوں کا سبب بننے والے دہشت گردانہ حملوں میں سے ایک تھا اور اس بم دھماکے کی ذمے داری پاکستانی طالبان کے ساتھ ساتھ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش نے بھی قبول کر لی تھی۔

یہ خود کش بم دھماکا اس وقت کیا گیا تھا جب کل ہی ایک مسلح حملے میں مارے جانے والے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر کی میت وصول کرنے کے لیے قریب دو سو وکلاء سول ہسپتال کے باہر موجود تھے۔ اس حملے میں کم از کم دو صحافی بھی ہلاک ہو گئے تھے کیونکہ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔

پاکستان بار کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق کوئٹہ میں اپنے درجنوں ساتھیوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج پورے ملک کے وکلاء عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔

بیان کے مطابق یہی احتجاج اور بائیکاٹ صوبائی بار کونسلوں اور ڈسٹرکٹ بار کونسلوں کی سطح پر بھی کیا جائے گا اور ملکی سپریم کورٹ کے ساتھ ساتھ ہائی کورٹ سے لے کر کسی بھی ماتحت عدالت تک میں معمول کی کسی کارروائی کے لیے آج کوئی بھی پاکستانی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہو گا۔

Pakistan Quetta Bombenanschlag vor einer Klinik
اس حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

صوبہ بلوچستان میں، جہاں یہ دہشت گردانہ حملہ کیا گیا، صوبائی بار کونسل نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ بلوچستان بارکونسل کے ترجمان انوارالحق کاکڑ کے بقول آج منگل کو صوبے میں تمام اسکول بھی بند رہیں گے۔

کل کے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے وکلاء، عام شہریوں، صحافیوں، اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ارکان میں سے درجنوں کی نماز جنازہ آج صوبے کے مختلف شہروں میں ادا کر دی گئی جبکہ دیگر ہلاک شدگان کی نماز جنازہ بھی آج ہی ادا کر کے ان کی تدفین کی جا رہی ہے۔

اس بم حملے میں مجموعی طور پر 112 افراد زخمی بھی ہوئے تھے، جن میں سے 27 کو، جو شدید زخمی ہیں، علاج کے زیادہ بہتر سہولتوں کے لیے کراچی کے آغا خان ہسپتال پہنچایا جا چکا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں