کوارٹر فائنل تک رسائی، پاکستانی ٹیم پر عزم
14 مارچ 2015
گروپ اے میں نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا اور بنگلہ یش کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ گروپ بی کی حتمی شکل اتوار کے دن کھیلے جانے والے ان دونوں میچوں کے نتائج کے بعد واضح ہو جائے گی۔ ابھی تک اس گروپ میں بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچ چکی ہیں لیکن ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ پاکستان، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں سے کون سی دو ٹیمیں آگے نکلتی ہیں۔
پاکستان اور آئر لینڈ کے مابین ایڈیلڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ کو دونوں ٹیموں کے لیے ہی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس میچ میں کامیاب ہونے والی ٹیم لازمی طور پر کوارٹر فائنل میں پہنچ جائے گی۔ تاہم اگر ویسٹ انڈیز متحدہ عرب امارت سے شکست سے دو چار ہوتا ہے تو اوسط کی بنیاد پر پاکستان اور آئر لینڈ دونوں ہی اگلے مرحلے تک کوالیفائی کر سکتی ہیں۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ایک درست وقت پر فارم میں آئی ہے اور وہ کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے لیے پرامید ہیں۔ ان دونوں ٹیموں میں سے جو کوئی بھی کامیابی حاصل کرے گا، وہ گروپ بی میں تیسرے نمبر پر آئے گا اور وہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف نبرد آزما ہو گا۔ کوارٹر فائنل کا یہ میچ بیس مارچ کو ایڈیلیڈ کے اوول گراؤنڈ میں ہی کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ سن 2007 کے عالمی کپ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر گروپ اسٹیج میں ہی اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔ ہفتے کے دن مصباح الحق نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ماضی کو بھول کر اس میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور ان کے فاسٹ بولرز اپنی انتہائی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے آئرلینڈ کے بلے بازوں کو کڑا وقت دینے کے اہل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر کھلاڑی حارث سہیل مکمل فٹ ہیں اور ممکنہ طور پر انہیں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں موقع دیا جا سکتا ہے۔ تاہم مصباح الحق نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو اس میچ میں کھیلانے کے حوالے سے کوئی حتمی رائے نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیہل خان، محمد عرفان، وہاب ریاض اور راحت علی چاروں فاسٹ بولرز وکٹیں حاصل کر رہے ہیں اور آئرش بلے باز اسپن بولرز کو اچھا کھلتے ہیں۔
گروپ بی میں بھارت ناقابل شکست
ہفتے کے دن بھارت نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے مات دے کر گروپ بی میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھلیے گئے اس میچ میں بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے زمبابوے کو بلے بازی کی دعوت دی۔ زمبابوے کے کپتان برانڈن ٹیلر کی شاندار سنچری کی بدولت اس افریقی ملک نے 287 رنز بنا لیے۔ تاہم بھارت کی طرف سے سریش رائنا کی عمدہ سنچری کی وجہ سے بھارت نے یہ میچ آسانی سے جیت لیا۔
دھونی اور رائنا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 196 رنز بنائے، جس میں دھونی 85 جبکہ رائنا 110 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر رائنا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ بھارت اب کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کے مد مقابل آئے گا۔ یہ میچ انیس مارچ کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔
ہفتے کے دن ہی کھیلے گئے گروپ اے کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو آسانی سے سات وکٹوں سے مات دے دی۔ اسکاٹ لینڈ کی تمام ٹیم پچسویں اوور میں 130 پر ڈھیر ہو گئی جس کے جواب میں آسٹریلوی بلے بازوں نے 15 ویں اوور میں تین کھلاڑیوں کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کر لیا۔
عالمی کپ 2015 کا پہلا کوارٹر فائنل میچ اٹھارہ مارچ کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ ممکنہ طور پر اس میچ میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ گروپ بی میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم ناک آؤٹ راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے گی۔ یہ میچ اکیس مارچ کو ویلنگٹن میں منعقد کیا جائے گا، ممکنہ طور پر اس میچ میں نیوزی کا مقابلہ ویسٹ انڈیز یا آئر لینڈ سے ہو گا۔