کوسووو کے حق میں عالمی عدالتِ انصاف کا فیصلہ
22 جولائی 2010سرب وزیر خارجہ وُوک جیریمچ نے کہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کے اِس فیصلے سے قطعِ نظر سربیا کوسووو کی پھر سے سربیا میں شمولیت کی کوششیں جاری رکھے گا۔ دی ہیگ میں آج عالمی عدالت کی طرف سے سامنے آنے والے اِس فیصلے کو تسلیم کرنا کسی بھی ملک بشمول کوسووو اور سربیا کے لئے لازمی نہیں ہے۔ سربیا نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ کوسووو کے آزادی کے اعلان سے اُس کی علاقائی سالمیت مجروح ہوئی ہے۔ سربیا کا حلیف ہونے کے ناتے روس نے بھی ابھی تک کوسووو کی آزادی کو تسلیم نہیں کیا۔
کوسووو سن 1999ء میں سربیا کے کنٹرول سے آزاد ہو گیا تھا، جب مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے سرب ٹھکانوں کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا تھا۔ اِس سے پہلے کوسووو میں بسنے والے سربوں اور وہاں کی اکثریتی مسلم البانوی آبادی کے درمیان دو سال سے زیادہ عرصے سے جنگ چلی آ رہی تھی۔ بعد ازاں اِس علاقے کو اقوام متحدہ کے کنٹرول میں دے دیا گیا۔ کوسووو نے اپنی آزادی کا اعلان فروری 2008ء میں کیا تھا۔
کوسووو آج کل ایک آزاد مملکت ہے، جس کی ایک اپنی منتخب پارلیمان، اپنا پرچم اور اپنا دستور ہے۔ اب تک کوسوووکو دُنیا کے 69 ممالک تسلیم کر چکے ہیں، جن میں یورپی ملکوں کے ساتھ ساتھ امریکہ، کینیڈا، جاپان، ترکی اور سعودی عرب بھی شامل ہیں۔ تاہم کئی یورپی ملک، مثلاً سپین، یونان، رومانیہ، قبرص اور سلواکیہ بدستور کوسووو کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے چلے آ رہے ہیں۔ کوسووو کو بدستور سربیا کا ایک صوبہ تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد 120 کے لگ بھگ ہے، جن میں روس کے ساتھ ساتھ چین بھی شامل ہے۔
کوسووو کی آبادی بیس لاکھ البانوی نژاد شہریوں پر مشتمل ہے جبکہ وہاں آباد سرب آبادی کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار ہے۔ البانوی اور سرب علیحٰدہ علیحٰدہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور اُن کے درمیان وقتاً فوقتاً کشیدگی کے واقعات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔ یہی تنازعہ یورپی یونین میں سربیا کی شمولیت کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
عالمی عدالتِ انصاف کا کوسووو کے یکطرفہ اعلانِ آزادی کے حق میں آنے والا یہ فیصلہ پوری دُنیا میں علٰیحدگی پسند تحریکوں پر اپنے اثرات مرتب کرے گا۔ سرب صدر بورس ٹاڈچ نے اِس فیصلے سے پہلے ہی کہا تھا کہ اِس عدالت کا فیصلہ ایک نیا اصول وضع کر دے گا، جس کے بعد دُنیا بھر میں بے شمار نئی ریاستوں کے وجود میں آنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
عالمی عدالت انصاف، اقوام متحدہ کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔ اس میں کوسووو کے تشخص پر درخواست کی سماعت کا عمل گزشتہ سال دسمبر میں شروع ہوا تھا۔ اِس دوران سپین، روس اور امریکہ سمیت 29 مختلف ملکوں کی جانب سے بھی دلائل پر مبنی بیانات جمع کروائے گئے۔ سن 2008ء میں جارجیا نے جنوبی اوسیتیا کے تنازعے کے باعث روس کے خلاف اِسی طرح کے الزامات عائد کئے تھے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: کشور مصطفیٰ