1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کووڈ انیس کا سدباب: پاکستان آنے والی بیرونی پروازیں محدود

1 مئی 2021

پاکستان میں کووڈ انیس کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر این سی او سی نے 5 تا 20 مئی بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس کی تعداد میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3spVo
Thailand Bangkok Airport Passagiere aus Pakistan gestrandet
2020ء میں بھی پاکستان نے تمام انٹرنیشنل فلائٹس پر پابندی لگا دی تھی۔ تب بنکاک ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافر پریشان۔تصویر: Tanvir Shahzad/Sadia Ch

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر) این سی او سی( نے ہفتے کے روز ٹویٹر پر حکومت پاکستان کے کووڈ انیس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے تازہ ترین اقدامات کے بارے میں تحریر کیا،'' کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری کووڈ انیس کے عالمی اور علاقائی سطح پر مسلسل پھیلاؤ اور کیسز میں اضافے کی صورتحال کے پیش نظر بین الاقوامی فضائی سفر 5 تا 20 مئی محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘

پاکستان: کسی ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز اور ہلاکتیں

فی الحال اس امر کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اس پابندی سے کون کون سے فضائی روٹس متاثر ہوں گے۔ این سی او سی نے تاہم کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے پیش کردہ ایڈوائزری پر 18 مئی کو نظر ثانی کیا جائے گا۔

 تازہ ترین صورتحال

پاکستان میں ہفتے کے روز سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے اندر کووڈ انیس کے 4,696 نئے کیسز کی تصدیق ہو چُکی ہے جبکہ اس مہلک بیماری کے سبب مزید 146 افراد موت کے مُنہ میں چلے گئے۔ گزشتہ چند روز کے دوران پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں مسلسل غیر معمولی اضافے نے حکومت، خاص طور سے صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے حکام کو بڑی مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں کی صورتحال تشویشناک ہے۔ بستروں اور وینٹیلیٹرز کی کمی دور کرنے کی ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔

’بھارتی کورونا برطانوی اور برازیلوی وائرس سے زیادہ خطرناک‘

Pakistan | Coronavirus | Militär-Patrouillen zur Einhaltung der Restriktionen
کورونا پابندیوں کے نفاذ کو ممکن بنانے کے لیے سڑکوں پر فوج گشت کر رہی ہے۔تصویر: Abdul Majeed/AFP/Getty Images

حکومتی اقدامات 

گزشتہ پیر کو ہی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ حکومت عوام پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کے لیے بارہا ہدایات جاری کرتی آئی ہے اس کے باوجود کووڈ انیس کے پھیلاؤ کی رفتار اس امر کی متقاضی ہے کہ سماجی فاصلے کی پابندیوں کے نفاذ کے لیے اب فوج طلب کر لی جائے جو سڑکوں اور گنجان آباد عوامی علاقوں میں گشت کر کے سماجی فاصلے کی پابندی کو ممکن بنائے گی۔احتیاط نہ کی تو پاکستان کا بھی بھارت جیسا حال ہو گا، عمران خان

دریں اثناء کورونا سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے ادارے کے سربراہ اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ چالیس سال سے زائد عمر کے تمام افرد ویکسین کے حصول کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کروا سکتے ہیں اور پچاس اور اس سے زائد عمر کے شہری ویکسینیشن کے کسی بھی مرکز میں جا کر ٹیکا لگوا سکتے ہیں۔ عوام سے ماسک پہننے کی پابندی کروانے کے لیے بھی فوج کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ خاص طور سے ان علاقوں میں جہاں نئے کورونا کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی۔

’سیاسی جلسے بند کرو، بچوں کی تعلیم بحال کرو‘

 

BG Ramadan 2021 unter Corona Bedingungen
رمضان شروع ہونے سے پہلے پشاور کی مساجد کو انفیکشن سے پاک کرنے کا بندوبست کیا گیا تھا۔تصویر: Fayaz Aziz/REUTERS

عیدالفطر اور پابندیاں

پاکستان میں ایک ایسے وقت پر سماجی روابط پر پابندی سخت تر کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے جب تمام باشندے رمضان کے آخری عشرے اور عید الفطر کی آمد کی تیاریوں کے لیے بے چین ہیں۔ عید کی چھٹیوں میں نہ صرف اندرون ملک بہت سے شہری ایک سے دوسرے شہر کا سفر کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندانوں اور دوست و احباب کے ساتھ عید کا تہوار منائیں بلکہ بیرون ملک آباد یا کام کرنے والے پاکستانی بھی عید کی چھٹیوں میں پاکستان آتے ہیں اور یہ مذہبی تہوار اپنی فیملی کیساتھ منانا چاہتے ہیں۔

پاکستان سے بھارت کے لیے کی جانے والی دعائیں

عید سے کچھ دن پہلے ایئر ٹریفک کو محدود کرنے کا فیصلہ لاتعداد پاکستانیوں کے لیے بڑی مایوسی اور پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ پاکستان اس وقت پڑوسی ملک بھارت کی کورونا وبا کے پھیلاؤ کی سنگین صورتحال کے سبب بھی گہری تشویش میں مبتلا ہے۔ آج ہفتے کے دن بھارت میں کورونا وائرس کے چار لاکھ سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو اس وبا کے آغاز سے اب تک کسی بھی ملک میں ایک روز میں نئی کورونا انفیکشنز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ گ‍زشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارت میں اس وائرس کے ہاتھوں ہلاکتوں کی تعداد بھی ساڑھے تین ہزار سے زائد رہی۔

 

ک م/ ع ق)  رائٹرز(