1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا بھارت کی افغانستان سے دوستی اس ملک کے لیے خطرہ ہے؟

وصلت حسرت نظيمی / امتیاز احمد8 ستمبر 2016

افغان حکومت ابھی تک دارالحکومت میں ہونے والے حالیہ خونریز اور پے در پے حملوں کے صدمے میں ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق افغانستان کے بھارت کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JyFL
Eröffnung von Salma Wasserkraftwerk Afghanistan Besuch Narendra Modi
تصویر: DW/A.Mutmaien

نئی دہلی کے طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے کابل سے قریبی تعلقات قائم ہیں لیکن حالیہ چند برسوں میں یہ افغانستان کا بڑا امدادی ملک بن کے ابھرا ہے۔ بھارت نے اس ملک میں اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے ساتھ ساتھ فوجی تعاون میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ حال ہی میں بھارت نے افغانستان کو چار ایم آئی 25 ہیلی کاپٹروں کا تحفہ بھی دیا ہے جبکہ بھارت سالانہ بنیاد پر سینکڑوں افغان فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تربیت بھی فراہم کر رہا ہے۔

طالبان نے بھارتی فوجی امداد کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک تباہ حال قوم کے ساتھ ’واضح دشمنی‘ ہے۔ چار ستمبر کو طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے پیغام میں واضح کیا تھا، ’’ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ افغانستان کو ہلاکت اور تباہی کی طرف لے جانے والے سامان کی برآمد ختم کرے اور خاص طور پر فوجی امداد کے ذریعے کابل کی بدعنوان حکومت کی عمر کو طول دینے کی کوشش نہ کرے۔‘‘

Militärhubschrauber MD-530
بھارت نے افغانستان کو چار ایم آئی 25 ہیلی کاپٹروں کا تحفہ بھی دیا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Gul

ہائیڈل برگ یونیورسٹی میں جنوبی ایشیا کے تجزیہ کار زیگفریڈ وولف اس بیان کے حوالے سے کہتے ہیں، ’’اس بیان سے واضح ہو جاتا ہے کہ جہادی عناصر بھارت کو افغانستان میں نہ صرف امریکی مفادات کا ایک پارٹنر بلکہ فوجی امداد کے لحاظ سے امریکا کا جانشین سمجھ رہے ہیں اور اپنا بنیادی ہدف بھی۔‘‘

اس تجزیہ کار کا ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’کابل میں ہونے والے طالبان کے حملے صرف افغان حکومت کے خلاف نہیں تھے بلکہ نئی دہلی کو ملک سے باہر رکھنے کی طرف بھی ایک اشارہ ہیں۔ بالکل اسی طرح جیسے امریکا کو غیرملکی طاقت تصور کیا جاتا ہے۔‘‘

کیا بھارت امریکا کی جگہ لے گا؟

بھارت اور افغان حکومت کے مابین دو طرفہ فوجی تعاون میں حیران کن اضافہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب امریکا آہستہ آہستہ اس ملک سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔ کئی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا پہلے ہی بھارت کو افغانستان میں اپنا ’جانشین‘ مقرر کر چکا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کی طرف سے سہ فریقی مذاکرات (بھارت، افغانستان اور امریکا) کا اعلان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ مذاکرات آئندہ ماہ نیویارک میں ہوں گے۔

اس اعلان کو پاکستان میں پذیرائی نہیں ملی ہے کیوں کہ پاکستان ابھی تک افغان سکیورٹی معاملات میں امریکا کا سب سے اہم اتحادی رہا ہے۔

بھارت یا پاکستان کا انتخاب؟

افغانستان سینٹر فار ریسرچ پالیسی اسٹڈیز نامی تھنک ٹینک کے سیاسی تجزیہ کار ہارون میر انتہائی یقین سے کہتے ہیں کہ سہ فریقی مذاکرات میں سے پاکستان کو نکالنے کے اثرات اسلام آباد اور کابل حکومت کے آپس کے تعلقات پر مرتب ہوں گے، ’’یہ حملے افغان حکومت کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان کابل حکومت کو اس بارے میں پہلے ہی خبردار کر چکا ہے اور اب یہ بات طالبان کو استعمال کرتے ہوئے ثابت بھی کی گئی ہے۔‘‘

Afghanistan Anschlag in Kabul
افغان حکومت ابھی تک دارالحکومت میں ہونے والے حالیہ خونریز اور پے در پے حملوں کے صدمے میں ہےتصویر: Reuters/M. Ismail

نئی دہلی اور اسلام آباد عشروں سے کابل میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے کُشتی لڑ رہے ہیں۔ لیکن نئی دہلی اور کابل کے درمیان تعلقات کی مضبوطی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان افغانستان میں ممکنہ ’پراکسی وار‘ کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔

تجزیہ کار وولف کے مطابق، ’’بھارت اور افغانستان میں قربت دیرینہ دوستی کا نتیجہ ہی نہیں ہے بلکہ افغانستان کی جانب سے پاکستان کے نقطہ نظر کا ایک منطقی نتیجہ بھی ہے۔ پاکستان عوامی سطح پر تو دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی حمایت کرتا ہے لیکن خفیہ طور پر وہ طالبان کی مدد بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ ڈبل گیم پاکستان کے اس موقف کے خلاف ہے کہ وہ مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتا ہے۔‘‘

اس پس منظر میں افغان عوام افغانستان، بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری جغرافیائی سیاسی جدوجہد سے انتہائی خوفزدہ ہیں کیونکہ یہ چپقلش افغانوں کی زندگیوں اور سلامتی کی صورت حال پر اثر انداز ہو رہی ہے۔