کیا زعیم قادری نے ’قلعہ لاہور‘ میں شگاف ڈال دیا؟
22 جون 2018مسلم لیگ نواز کے سابقہ ترجمان برائے پنجاب زعیم قادری نے اپنی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیں گے۔
سابق صوبائی وزیر قادری نے الزام عائد کیا کہ انتخابی ٹکٹس ان افراد کو دیے جا رہے ہیں جو ’حمزہ شہباز کے ملازم‘ ہیں۔ انہوں نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’میں تمہارے جوتے پالش نہیں کروں گا۔ لاہور تمہارے یا تمہارے باپ کی جاگیر نہیں ہے۔‘‘
کیا مسلم لیگ ن کی پالیسی میں کوئی تبدیلی آ رہی ہے؟
پنجاب کی نگران وزارت اعلٰی تنازعے کی زد میں
سوشل میڈیا پر تاہم اس بابت انتہائی دلچسپ اور متضاد تبصرے جاری ہیں۔ بعض افراد زعیم قادری کے اس فیصلے کو انتخابات سے قبل مسلم لیگ نواز کے اندر جاری ٹوٹ پھوٹ کی ایک نئی کڑی قرار دے کر اس جماعت پر تنقید کر رہے ہیں، تو دوسری جانب بعض کا خیال ہے کہ سابقہ انتخابات میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے میدان میں اترنے والے زعیم قادری نے قومی اسمبلی کے لیے پارٹی ٹکٹ مانگا تھا اور وہ نہ ملنے پر وہ آگ بگولا ہو گئے۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارف ذیشان خان کے مطابق پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے بے وفائی نادرست عمل ہے۔
ایک اور صارف میکال خان کے مطابق، پاکستان یقیناﹰ کسی کی جاگیر نہیں، مگر ہمارے سیاست دان یہ سب کچھ اس بعد میں کیوں کہتے ہیں، پانچ سالہ دورِ حکومت میں کیوں نہیں؟
یہ بات اہم ہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ نواز کے ایک سینیئر رہنما اور سابقہ وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی پارٹی قیادت کے ساتھ اختلافات کے تناظر میں اب آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، تاہم ان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی ایسی دھواں دھار پریس کانفرنس سامنے نہیں آئی تھی۔
سوشل میڈیا صارف اعجاز یوسف کے مطابق، آپ اتفاق کریں یا اختلاف، مگر زعیم قادری چوہدری نثار خان سے زیادہ بہادر ہیں۔