1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈین گراں پری میں جینسن بٹن کی کامیابی

13 جون 2011

فارمولا ون کار ریسنگ کے کینیڈا میں منعقد ہونے والے مقابلے میں جینسن بٹن نے کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری پوزیشن سباستیان فیٹل کے حصے میں آئی۔ ریس بارش سے متاثر بھی ہوئی۔

https://p.dw.com/p/11ZBB
جینسن بٹن ریس جیتنے کے بعدتصویر: AP

برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن اتوار کو مانٹریال شہر میں ہونے والی ریس کے آخری چکر میں سبقت لیتے ہوئے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کو پچھاڑنے میں کامیاب ہوئے۔ جب آخری راؤنڈ شروع ہوا، توجینسن بٹن صرف ایک سیکنڈ کے فرق کے ساتھ فیٹل سے پیچھے تھے۔ اس دوران انہوں نے اپنی میکلارن گاڑی کو مزید اسپیڈ دے کر سبقت حاصل کر لی۔ تیسری پوزیشن فیٹل کے ساتھی مارک ویبر کو ملی۔ کینیڈین گراں پری میں بھی فیٹل نے پول پوزیشن سے آغاز کیا تھا۔

کینیڈین گراں پری کی ریس کے دوران تاریخ ساز جرمن ڈرائیور مشائل شوماخر کی پرفارمنس حیران کن اور شاندار رہی۔ وہ پہلی مرتبہ رواں برس کے سیزن میں ٹاپ فائیو میں شامل ہو سکے ہیں۔ اتوار کو شوماخر نے مرسیڈیز گاڑی پر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ سب سے زیادہ کینیڈین گراں پری جیتنے کا ریکارڈ بھی شوماخر کے پاس ہے۔

اس برس ہونے والی کل سات ریسوں میں اس پانچ ریسوں میں فیٹل کامیاب رہے ہیں۔ وہ ڈرائیونگ چیمپیئن شپ کا ابھی تک شاندار انداز میں دفاع کر رہے ہیں اور اپنے حریف ڈرائیوروں پر بھاری برتری لیے ہوئے ہیں۔ کینیڈین گراں پری جیتنے والے جینسن بٹن اس وقت فیٹل سے ساٹھ پوائنٹس کی دوری پر ہیں۔

Jenson Button siegt bei Formel 1 Rennen in Montreal Kanada
جینسن بٹن کینیڈین گراں پری میں ریس جیتنے کے وقتتصویر: AP

جینسن بٹن نے اپنی کیریئر کی دسویں ریس جیتی ہے۔ کینیڈین گراں پری کو جیتنے والے برطانوی ڈرائیور گزشتہ سال اسی ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے ۔ اس ریس کے دوران ان کی گاڑی اپنے ساتھی ڈرائیور لوئیس ہملٹن کی گاڑی کے ساتھ ٹکرا بھی گئی۔ اس حادثے کے بعد ان کی ٹیم کے رکن ہملٹن کو ریس سے دستبردر ہونا پڑا۔ بارش کی وجہ سے کل چار ڈرائیور ریس مکمل کرنے میں ناکام رہے تھے۔

اتوار کو کینیڈین گراں پری کے پچیسویں چکر کے دوران شدید بارش شروع ہو گئی اور اس باعث ریس کو روک دیا گیا تھا۔ اس وقت بھی فیٹل سب سے آگے تھے۔ بارش کی وجہ سے دو گھنٹے تک ریس رکی رہی تھی۔

کینیڈین گراں پری کا انعقاد فرانسیسی زبان والے صوبے کیوبیک کے شہر مانٹریال کے سرکٹ میں ہوتا ہے۔ اس ٹریک پر ریس مکمل کرنے کے لیے شریک ڈرائیوروں کو کل ستّر چکر مکمل کرنے ہوتے ہیں۔ ایک راؤنڈ سوا چار کلو میٹر سے زائد کی مسافت کا ہوتا ہے۔

اگلی ریس چھبیس جون کو یورپی ملک اسپین کے ویلنسیا ٹریک پر ہوگی۔ یہ ریس یورپی گراں پری کے نام سے مشہور ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں