1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گال ٹیسٹ، پاکستان کی ’شرمناک شکست‘

عاطف بلوچ10 اگست 2014

گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو ایک سنسی خیز مقابلے کے بعد سات وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Cs8e
رنگنا ہیراتھ کو اس میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کرنے پر ’مین آف دا میچ‘ کا ایواڈ دیا گیاتصویر: AP

بروز اتوار گال ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 180 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ یوں سری لنکا کو اکیس اوورز میں یہ میچ جیتنے کے لیے 99 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے آسانی سے سترہویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ چوتھی مرتبہ ہوا ہے کہ پاکستانی ٹیم کسی ٹیسٹ میچ کے دوران اپنی پہلی اننگز میں چار سو سے زائد اسکور کرنے کے باوجود شکست سے دوچار ہوئی ہے۔

اس ٹیسٹ میچ کی ایک اہم بات یہ بھی تھی کہ سری لنکا کے اسٹار کھلاڑی مہیلا جے وردنے آخری مرتبہ میدان میں اترے تھے۔ انہوں نے اس ٹیسٹ کے بعد کرکٹ کی دنیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی لیے سری لنکا کی ٹیم نے جب اپنی دوسری اننگز شروع کی تو کپتان اینجلو میتھوز نے اس منجھے ہوئے کھلاڑی کو اوپننگ کے لیے بھیج دیا۔ یہ امر اہم ہے کہ 144 ٹیسٹ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے جے وردنے نے پہلی مرتبہ اوپپنگ کی۔ اپنی آخری اننگز میں وہ 26 رنز بنا کر جنید خان کی ایک عمدہ گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 451 رنز بنائے۔ جس میں یونس خان کے 177 رنز کے علاوہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور اسپن بولر عبدالرحمان کی نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ اس اننگز میں سری لنکا کے بولر پریرا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 533 رنز بنا ڈالے۔ کمارا سنگاکارا نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 221 جبکہ کپتان اینجلو میتھوز نے 91 رنز بنائے۔ یوں سری لنکا کو پاکستان پر بیاسی رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ اس اننگز میں سعید اجمل پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

Flash-Galerie Sri Lanka Cricket Mahela Jayawardene
مہیلا جے وردنے نے اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں 26 رنز بنائےتصویر: AP

جب پاکستان نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو بظاہر معلوم ہو رہا تھا کہ یہ میچ ڈرا ہو جائے گا لیکن پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور تمام کھلاڑی وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے گئے۔ یوں تمام ٹیم 180 پر آؤٹ ہو گئی۔ اس اننگز میں صرف سرفراز احمد ہی نصف سنچری کر سکے۔ رنگنا ہیراتھ کو اس میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کرنے پر ’مین آف دا میچ‘ کا ایواڈ دیا گیا۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی رمیض راجہ نے پاکستان کی اس شکست کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا کم ہی ہوا ہے کہ کوئی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں چار سو سے زائد اسکور کرے اور وہ یہ میچ ہار جائے۔ اس سیریز کے سلسلے میں دوسرا ٹیسٹ میچ چودہ اگست کو کولمبو میں شروع ہو گا۔