1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہلیری کلنٹن تاریخی دورے پر میانمار پہنچ گئیں

30 نومبر 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن آج بدھ کو اپنے ایک سرکاری دورے پر میانمار پہنچ گئیں۔ تاریخی قرار دیا جانے والا یہ کسی اعلیٰ امریکی حکومتی اہلکار کا گزشتہ تقریباً نصف صدی میں میانمار کا پہلا دورہ ہے۔

https://p.dw.com/p/13Jk6
تصویر: dapd

میانمار جنوب مشرقی ایشیا کی ایک ایسی ریاست ہے، جہاں کی سیاست پر فوج کو غلبہ حاصل ہے۔ لیکن اب اس ملک میں حکومت نے فوج کی مرضی سے کئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ اپنے اس دورے کے دوران اس ملک میں تبدیلی کی اسی تحریک کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہیں۔

اس ملک میں فوجی حکمرانوں نے ریاستی دارالحکومت سن 2005ء میں اچانک Naypyidaw منتقل کر دیا تھا۔ آج بدھ کو ہلیری کلنٹن اسی شہر کے ہوائی اڈے پر اتریں۔ ان کا دورہ امریکہ کی ان کوششوں کا امتحان ہے جن کے تحت واشنگٹن اس ملک کے ساتھ اپنے اسٹریٹیجک رابطے قائم کرنا چاہتا ہے۔ ماضی میں اس ملک پر بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کی جاتی تھی اور وہ عشروں تک عالمی برادری اور خطے کی دیگر ریاستوں سے کافی حد تک الگ تھلگ ہی رہا ہے۔

Hillary Rodham Clinton Myanmar
تصویر: dapd

میانمار نے جو ماضی میں برما کہلاتا تھا، گزشتہ برس اور اس سال بھی بین الاقوامی برادری کو اپنے کئی اچانک اقدامات کے ساتھ حیران کر دیا تھا۔ یہ اقدامات ملک میں سیاسی تبدیلیوں کی علامت ثابت ہوئے۔ انہی اصلاحات پسندانہ اقدامات کے تحت پچھلے سال میانمار کی حکومت نے نوبل امن انعام یافتہ اپوزیشن رہنما آنگ سان سوچی کو بھی رہا کر دیا تھا۔

میانمار پہنچنے سے پہلے ہلیری کلنٹن نے کچھ دیر کے لیے جنوبی کوریا میں بھی قیام کیا، جہاں انہوں نے ڈونر ملکوں کی ایک عالمی کانفرنس میں شرکت کی۔ ہلیری کلنٹن اپنے اس دورے کے دوران میانمار کی حکومت پر اس بارے میں دباؤ ڈالنا چاہتی ہیں کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ ایسے قیدیوں کی تعداد 500 اور 1600 کے درمیان بتائی جاتی ہے۔

Hillary Rodham Clinton Myanmar
تصویر: dapd

اس کے علاوہ اپنے اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ میانمار کی قیادت کے ساتھ بات چیت میں اس بات پر بھی زور دینا چاہتی تھیں کہ اس ملک میں طویل عرصے سے جاری نسلی تنازعات بھی ختم ہونے چاہییں، جن کی وجہ سے ہزارہا افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

ہلیری کلنٹن کل جمعرات کو صدر Thein Sein سے ملیں گی، جو ایک سابق فوجی جرنیل ہیں اور ان دنوں ملک میں اصلاحات کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ صدر سے ملاقات کے بعد کلنٹن سب سے بڑے شہر ینگون جائیں گی، جہاں وہ نوبل انعام یافتہ خاتون سیاستدان سوچی سے ملیں گی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں