1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس نوبیاہتا جوڑے ’خیروبرکت‘ کی دعا لے سکتے ہیں، ویٹی کن

18 دسمبر 2023

ویٹی کن نے ایک تاریخی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جنس نو بیاہتا جوڑے چرچ میں آ کر پادری سے 'خیر و برکت‘ کی دعا لے سکتے ہیں۔ کیتھولک مسیحی چرچ ہم جنس پسندوں کی شادی کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا۔

https://p.dw.com/p/4aJBa
Vatikan Papst Franziskus
تصویر: GUGLIELMO MANGIAPANE/REUTERS

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہم جنس نو بیاہتا جوڑوں کو چرچ میں آکر پادری سے 'خیرو برکت اور نیک خواہشات‘ کی دعا لینے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اب ایسا کوئی بھی جوڑا شادی کے بعد 'برکات‘ کی دعا لینے کی خاطر چرچ میں کسی پادری سے درخواست کر سکے گا۔

تاہم اس حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس بات کو کیتھولک فریضہ تصور نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم جنس پسندوں کی شادی پر انہیں دعا دینے کا مطلب یہ بھی نہیں کہ کیتھولک چرچ ایسی شادیوں یا ایسی کسی سول یونین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

ہم جنس پرستوں کو بھی خاندان بنانے کا حق ہے:پوپ فرانسس

جنسی زیادتیوں کی تفتیش خفیہ نہیں رکھی جائے گی، پوپ

کیتھولک چرچ ہم جنس پسندوں کی شادی کو 'گناہ ہی تصور‘ کرتا ہے اور اسی لیے اس کو تسلیم بھی نہیں کرتا ہے۔ پوپ فرانسس البتہ ذاتی طور پر اس حوالے سے نرم رویہ رکھتے ہیں اور ایسے افراد کے مابین شادی کو جرم قرار نہیں دیتے۔ انہوں نے اس حکم نامے کے جاری ہونے سے قبل بھی کہا تھا کہ 'خیرو برکت کے لیے کسی بھی دعا کی درخواست کو مسترد‘ نہیں کیا جانا چاہیے۔

پوپ فرانسس البتہ شادی کے بارے میں چرچ کے نظریے کی حمایت کرتے ہیں، جس کے مطابق صرف ایک مرد اور ایک عورت کے مابین ہی مستحکم اور ناقابل تحلیل ازدواجی رشتہ قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے سن 2021 میں ایک فرمان جاری کرتے ہوئے پادریوں کو ہم جنس پرستوں کی شادیوں کی دعائیہ تقریب میں شرکت کرنے سے بھی روکا تھا۔

’گناہوں سے چرچ زخمی ہوا‘، پوپ فرانسس

پوپ کی سپین میں جارحانہ سیکولرزم پر تنقید

اس سے قبل چرچ آف انگلینڈ نے ہم جنس پرست جوڑوں کی قانونی شادی کے بعد دعائیہ تقریب کرانے کی اجازت دی تھی۔ چرچ آف انگلینڈ نے رواں سال فروری میں ہم جنس شادیوں پر پابندی برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے پادریوں کو اس بات کی اجازت دی تھی کہ وہ ہم جنس شادی شدہ جوڑوں اور ایک ساتھ رہنے والے ہم جنس جوڑوں کو اپنی دعاؤں اور نیک خواہشات سے نواز سکتے ہیں۔

ع ب/ ش ر (خبر رساں ادارے)