یورو 2012: اسپین کی جیت، اٹلی اور کروشیا برابر
15 جون 2012جمہوریہ آئر لینڈ کی فٹ بال ٹیم کو یورپی اور عالمی چیمپئن اسپین کی ٹیم کا سامنا تھا۔ اس میچ میں ہسپانوی ٹیم کا کھیل انتہائی شاندار رہا۔ جمہوریہ آئر لینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں کی بعض غلطیوں کا ہسپانوی فارورڈ کھلاڑیوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اسپین کی ٹیم نے چار گول کیے اور آئرش ٹیم کوئی بھی گول کرنے سے قاصر رہی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں آئرش کھلاڑی گول کر سکتے تھے لیکن گیند یا تو سیدھی گول کیپر کے ہاتھوں میں پھینک دی گئی یا گول کرنے کے عمل میں تاخیر کر دی گئی۔
اسپین کے لیے یورو کپ 2012 کے گروپ سی کا جمعرات کی شام کھیلا جانے والا میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور اس میں کامیابی بہت اہم تھی۔ اس کی بڑی وجہ ہسپانوی ٹیم کا پہلے راؤنڈ میں اٹلی کے خلاف اپنا میچ برابری پر ختم کرنا تھا اور وہ صرف ایک پوائنٹ حاصل کر پائی تھی۔ جمہوریہ آئر لینڈ کے خلاف میچ میں چار گول کا بڑا فرق بھی دفاعی چیمپئن کے لیے اہم ہے۔ اسپین کی جانب سے فرنانڈو ٹوریس (Fernando Torres) نے دو گول کیے۔ جمہوریہ آئر لینڈ کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے اور اب اس کی کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔
ہسپانوی ٹیم کے کوچ ویسینٹ ڈیل بوسک (Vicente del Bosque) نے اپنی ٹیم کی جیت کو نہایت خوش آئند قرار دیا۔ کوچ کے مطابق ٹیم میں ٹوریس کی واپسی گول کرنے کے لیے تھی اور وہ اس میں بھرپور انداز میں کامیاب رہے ہیں۔ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کروشیا کے خلاف آئندہ میچ ڈرا ہو جاتا ہے تو یہ بہتر نہیں ہو گا اور کروشیا کے خلاف ہسپانوی ٹیم کو یقینی طور پر جیتنا ہو گا۔ جمہوریہ آئر لینڈ کے مڈ فیلڈر کیتھ اینڈریوز (Keith Andrews) نے اسپین کے ساتھ میچ کو بہت مشکل قرار دیا۔
يوئيفا يورو کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے گروپ سی کا ایک اور میچ جمعرات ہی کی شام اٹلی اور کروشیا کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کے اختتام پر اطالوی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ اس نے دو میچ کھیل کر دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ اس طرح اب اس کو جمہوریہ آئر لینڈ کے خلاف میچ خاصے پریشر میں کھیلنا ہو گا اور اس میں جیت سے ہی وہ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں ہو گی۔
کل جمعے کے روز گروپ ڈی کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے شریک میزبان یوکرائن کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا اور سویڈن اپنا دوسرا میچ فرانس کے خلاف کھیلے گا۔ ان میچوں کے مکمل ہونے پر یورو کپ 2012 کے دوسرے راؤنڈ کی تکمیل ہو جائے گی۔ اس وقت گروپ ڈی میں یوکرائن کی ٹیم تین پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ سولہ جون ہفتے کے روز گروپ لیول کے آخری راؤنڈ کا سلسلہ شروع ہو گا۔
ah/mm (AFP, Reuters)