1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو زون کے چار بڑے ملکوں کے وزرائے خزانہ کی پیرس میں ملاقات

26 جون 2012

یورو زون کے چار بڑے ملکوں جرمنی، فرانس، اٹلی اور اسپین کے وزرائے خزانہ کی ایک ملاقات آج پیرس میں ہو رہی ہے۔ اس ملاقات میں یورپی یونین کی اس سربراہی کانفرنس سے متعلق مشورے کیے جا رہے ہیں جو جمعرات کو ہو گی۔

https://p.dw.com/p/15LhG
تصویر: Reuters

اس بارے میں فرانسیسی وزیر خزانہ پیئر موسکوویسی نے صحافیوں کو بتایا یونین کی آئندہ سربراہی کانفرنس انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے فرانس جرمنی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ موسکوویسی نے کہا کہ آج شام پیرس میں ہونے والے یورو زون کے چار بڑے ملکوں کے مشاورتی اجلاس کے بعد کل بدھ کو فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے درمیان بھی ایک ملاقات ہو گی۔

پیرس میں یورو زون کے بڑے ملکوں کے وزرائے خزانہ کی اس میٹنگ میں فرانس کے پیئر موسکوویسی کی میزبانی میں مشاورت میں حصہ لینے والوں میں جرمنی کے وولفگانگ شوئبلے، اطالوی وزیر خزانہ گریلی اور اسپین کے ڈی گوئنڈوس شامل ہوں گے۔

Finanzminister Wolfgang Schäuble mit französischem Kollegen Pierre Moscovici
فرانسیسی وزیر خزانہ موسکوویسی اپنے جرمن ہم منصب شوئبلے کے ساتھتصویر: dapd

فرانسیسی وزیر خزانہ نے اس وزارتی مشاورت کے بارے میں کہا کہ یورو زون کے ملک جمعرات کو ہونے والی یورپی سربراہی کانفرنس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں جرمنی اور فرانس کے مؤقف کو ایک دوسرے سے زیادہ ہم آہنگ بنانے کے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیرس میں آج کی مشاورت کے دوران اس بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ یورو زون کے رکن ملکوں کے بجٹ کی سطح پر بہتر انضمام کو یقینی کیسے بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ان ملکوں میں بینکاری کے قومی نظام بھی ایک دوسرے کے ساتھ بہتر انداز میں مربوط کیسے بنائے جا سکتے ہیں۔

فرانسیسی دارالحکومت میں آج کا یہ چار ملکی وزارتی اجلاس اس لیے بھی بڑا اہم ہے کہ فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کی خواہش ہے کہ یونین کی سربراہی کانفرنس میں جمعرات کو شرکاء کو دو باتوں کی منظوری دینا ہو گی۔ ان میں سے ایک تو یہ ہے کہ یونین کے رکن ملکوں کو اپنے ہاں ریاستی اخراجات سے متعلق 120 بلین یورو کے ایک پیکج پر اتفاق کرنا چاہیے اور دوسرے یہ کہ انہیں ایک ایسے معاہدے پر بھی اتفاق کرنا چاہیے جس میں بجٹ میں کٹوتیوں کی بات کی گئی ہو۔

ij / mm / AP