1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو فٹبال: آسٹریا کی شکست، جرمن ٹیم ’خوش قسمت‘ رہی

4 جون 2011

یورو فٹ بال 2012ء کوالیفائنگ مقابلوں کے سلسلے میں جمعہ کوکھیلے جانے والے ایک میچ میں جرمنی نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے آسٹریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/11U6z

جرمن کوچ یوآخم لوو نے میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’ہمیں کہنا ہو گا کہ ہم یہ میچ قسمت سے جیت گئے۔ آسٹرین بہت اچھا کھیلے اور ہم نے بہت سے غلطیاں کیں۔‘ یوآخم لوو نے تاہم یہ بھی کہا کہ ایسے میچوں میں سب سے زیادہ اہم میچ کا نتیجہ ہوتا ہے، جو جرمنی کے حق میں نکلا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک چھ فتوحات کے ساتھ جرمن ٹیم کے یورو2012ء کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات خاصے روشن ہو چکے ہیں۔

میچ کے اختتام سے صرف دو منٹ قبل تک واضح طور پر لگ رہا تھا کہ یہ میچ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان برابری کی بنیاد پر ختم ہو گا، تاہم جرمنی کی طرف سے ماریو گومیس نے کھیل کے 89 ویں منٹ میں ایک خوبصورت گول کر کے آسٹریا کو شکست سے دوچار کر دیا۔

جرمن اسٹرائیکر لوکاس پوڈولسکی کے مطابق آسٹریا کی ٹیم نے اس میچ میں جتنا اچھا کھیل پیش کیا، اس لحاظ سے ’اس کا ایک پوائنٹ پر حق‘ ضرور بنتا تھا۔ ’’دوسرے ہاف میں آسٹریا کی ٹیم بہت اچھا کھیلی اور انہوں نے کافی پریشر ڈالا۔‘‘

آخری لمحوں میں کھیل کا پانسا پلٹ گیا
تصویر: dapd

پوڈولسکی نے کہا کہ جیسا کھیل آسٹریا کی ٹیم نے جرمنی کے خلاف پیش کیا، اگر وہ ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ آئندہ بھی کرتی رہی، تو اس کا مستقبل انتہائی روشن ہو گا۔

میچ کے بعد آسٹریا کے کپتان Christian Fuchs نے کہا، ’’یہ وہ کارکردگی ہے، جس کی بات ہم کرتے آئے ہیں۔ ہمیں مزید اعتماد کی ضرورت ہے۔ آج ہم نے ردعمل نہیں بلکہ عمل دکھایا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ’تلخ حقیقت‘ ہے کہ جرمنی میچ کے آخری لمحات میں دو ایک سے برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں