یورو کوالیفائنگ میں جرمنی کی جیت
15 نومبر 2014جرمنی اور جبرالٹر کی ٹیمیں یورو 2016ء کے اس کوالیفائنگ مقابلے کے لیے جمعے کی شام میدان میں اتریں۔ جرمنی کے لیے یہ ایک معمول کی شام رہی اور جبرالٹر نے حسبِ توقع اس کے لیے کوئی مشکل کھڑی نہ کی۔ جبرالٹر کو اس کا نتیجہ چار گولوں کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
ان مقابلوں میں جرمن ٹیم کی یہ پہلی جیت ہے۔ اس سے پہلے اسے پولینڈ اور آئرلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔ تاہم جبرالٹر کے خلاف میچ کا نتیجہ جیسے پہلے ہی لکھا جا چکا تھا۔ یہ ایک معمولی ٹیم ہے جسے فیفا کی سند بھی حاصل نہیں ہے۔
بعض لوگ تو یہ اُمید بھی لگائے بیٹھے تھے کہ جبرالٹر کو جرمنی کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسی اُمیدوں کی وجہ بھی ہے۔ اس سے پہلے ایک میچ میں اسے جمہوریہ آئرلینڈ سے سات گول سے شکست ہوئی تھی۔
جرمنی کے خلاف میچ میں جبرالٹر کے گول کیپر جیمی روبا نے کھیل کے پہلے دس منٹ میں تو گیند کا راستہ روکا، لیکن اس کے بعد تھوماس میولر نے ڈیڈ لاک توڑا اور گول دے مارا۔ یہ ان کا بین الاقوامی مقابلوں میں چھبیسواں گول تھا۔
جرمن کلب بائرن میونخ کے اس فارورڈ کھلاڑی نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی جرمن فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے ایک میچ میں ہیٹ ٹرِک کی تھی۔ جمعے کو جبرالٹر کے خلاف میچ میں انہوں نے کھیل کے انتیسویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کیا۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی ماریو گومیز نے تیسرا گول دے مارا۔ جبرالٹر کی ٹیم کے خلاف چوتھا گول اس کے اپنے ہی ایک کھلاڑی نے غلطی سے کیا۔
جمعے کو ہی گروپ ای میں شامل دیگر ٹیموں کے ایک مقابلے میں پولینڈ نے جارجیا کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ پولینڈ کی ٹیبل پر سرفہرست پوزیشن برقرار ہے۔ اسکاٹ لینڈ نے بھی ایک کوالیفائنگ میچ میں جمہوریہ آئرلینڈ کو شکست دے دی ہے۔
اُدھر پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو یورپین چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر بن گئے ہیں۔ انہوں نے آرمینیا کے خلاف ایک میچ میں اپنا 52واں انٹرنیشنل گول کیا۔ پرتگال کی ٹیم نے اس مقابلے میں آرمینیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے مات دی۔ ایک دوسرے مقابلے میں ڈنمارک نے سربیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔