1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ 2012: فرانس اور انگلینڈ فتح مند

16 جون 2012

پولینڈ اور یوکرائن میں جاری یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کا دوسرا راؤنڈ مکمل ہو گیا ہے۔ جمعے کو فرانس اور انگلینڈ نے اپنے میچ جیت لیے۔ آج ہفتے کے روز گروپ اے کے میچ ہوں گے اور جرمن ٹیم اتوار کو اپنا آخری گروپ میچ کھیلے گی۔

https://p.dw.com/p/15GFl
تصویر: Reuters

یوکرائن کے دارالحکومت کییف کے اولمپک اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور سویڈن کے درمیان گروپ ڈی کا دوسرا میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ انتہائی تیز رفتار اور سنسنی خیزی سے عبارت تھا۔ ابتداء ہی سے دونوں طرف کے فارورڈ کھلاڑی گول کرنے کی کوششوں میں تھے۔ میچ کے مکمل ہونے پر انگلینڈ کی ٹیم کو ایک گول سے کامیابی حاصل ہوئی۔ سویڈن نے دو گول کیے اور انگلینڈ نے تین گول کر کے یہ میچ جیتا۔

UEFA EURO 2012 Schweden vs. England
انگلینڈ کی جانب سے تیسرا اور فیصلہ کن گول ڈینی ویلبیک نے کیاتصویر: Reuters

اس میچ کا پہلا گول 23 ویں منٹ میں انگلینڈ کے اینڈی کیرول (Andy Carroll) نے کیا۔ اس برتری کو سویڈن کی جانب سے نہیں بلکہ انگلینڈ کے گلین جانسن (Glen Johnson) نے خود ہی گول کر کے برابر کر دیا۔ اس کے بعد سویڈن نے برتری حاصل کی اور یہ گول دفاعی کھلاڑی اولاف میلبرگ (Olof Mellberg) نے کیا۔ سویڈن اس سبقت کو سنبھال نہ سکا۔

انگلینڈ کی جانب سے 64 ویں منٹ میں تھیو والکاٹ (Theo Walcott) نے فیلڈ گول سے میچ کو برابر کر دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رہا۔ مڈ فیلڈر اور فارورڈ کھلاڑی انتہائی چابکدستی سے سویڈن کے گول پر حملے کرتے رہے۔ میچ کے 78ویں منٹ میں ڈینی ویلبیک (Danny Welbeck) نے گول کر کے انگلینڈ کو حتمی برتری دلا دی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے بقیہ بارہ منٹوں کے دوران اپنی اس برتری کا بھرپور انداز میں دفاع کیا۔

جمعے کے روز گروپ ڈی کا پہلا میچ فرانس اور یوکرائن کے درمیان کھلا گیا۔ یہ میچ بھی خاصا جاندار تھا لیکن فرانس کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میچ میں کامیابی حاصل کی۔ یوکرائن کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔ فرانس کی جانب سے دو گول کیے گئے۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے رہا۔

UEFA EURO 2012 Ukraine vs. Frankreich
فرانس اور یوکرائن کے درمیان میچ بھی شاندر رہاتصویر: Reuters

یوکرائن کے دفاعی کھلاڑیوں نے فرانسیسی فارورڈ کھلاڑیوں کے خلاف شاندار انداز میں دفاع کیا لیکن دوسرے ہاف کے آٹھویں منٹ میں ژیریمی مینیز (Jérémy Ménez) نے گول کر کے اپنے ملک کو برتری دلا دی۔ پہلے گول کے تین منٹ بعد ہی مڈ فیلڈر یوہان کیبے (Yohan Cabaye) نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو استحکام دے دیا۔ بعد میں یوکرائن کی ٹیم گول نکالنے کی کوششوں میں رہی لیکن انجام کار فرانس نے میچ میں کامیابی حاصل کر کے تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔ یہ میچ یوکرائن کے دوسرے سب سے بڑے شہر ڈونیسک میں کھیلا گیا۔

گروپ ڈی میں پوائنٹس ٹیبل پر اب پوزیشن کچھ یوں ہے کہ آئر لینڈ کے بعد سویڈن، گروپ ڈی میں جمعے کے روز انگلینڈ سے میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ سویڈن کی ٹیم اپنا پہلا میچ یوکرائن سے ہار گئی تھی۔ انگلینڈ اور فرانس کے درمیان اب ٹاپ پوزیشن کی کشمکش ہو سکتی ہے۔ گروپ ڈی میں دو دو میچ مکمل ہونے پر فرانس اب پہلی اور انگلینڈ دوسری پوزیشن پر ہے۔ یوکرائن اگر اپنا آخری میچ انگلینڈ کے خلاف جیت جاتا ہے تو وہ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے ابتدائی میچوں کا آخری راؤنڈ انیس جون کو مکمل ہو گا۔

ah/mm (AFP, Reuters)