1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ 2012ء کوالیفائنگ مقابلے، جرمنی کی ایک اور جیت

13 اکتوبر 2010

یورو کپ 2012ء کے کوالیفائنگ مقابلوں کے سلسلےمیں کھیلے گئے ایک گروپ میچ میں جرمنی نے قازقستان کو تین صفرسے شکست دے کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/Pd0R
تصویر: dapd

قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منگل کو کھیلے گئے اس میچ میں اگرچہ جرمن ٹیم پہلے ہاف میں کوئی بھی گول نہ کر سکی تاہم دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے صرف تین منٹ بعد ہی میروسلاو کلوزے نے جرمن ٹیم کو سبقت دلا دی اور پھر جرمن فارورڈ کھلاڑیوں نے مسلسل حملوں سے قازقستان کے مضبوط دفاع کو تہس نہس کر دیا۔

کھیل کے 78 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی ماریو گومیز نے یہ سبقت دو صفر میں بدل دی جبکہ کھیل کے اختتام سے پانچ منٹ قبل لوکاس پوڈولسکی نے فٹ بال نیٹ میں ڈال کر جرمنی کو تین صفر کی حتمی برتری دلوا دی۔

اس میچ میں بھی ترک نژاد جرمن کھلاڑی محسوت اوزل نے مڈ فیلڈ کو ایک اہم سہارا دیا اور خود غرضی کے بغیر ہی بال اپنے فاروڈ کھلاڑیوں کو منتقل کرتے رہے، جو مد مقابل کے گول پوسٹ پر نشانےداغتے رہے۔ ایسے ہی ایک عمدہ پاس کی بدولت جرمنی نے دوسرا گول سکور کیا۔ اکیس سالہ اوزل آج کل یورپی فٹ بال کلب ریئل میڈرڈ کی طرف سے کھیلتے ہیں۔

Fußball EM 2010 Qualifikationsspiel Deutschland Kasachstan Flash-Galerie
ترک نژاد جرمن کھلاڑی محسوت اوزل اور ماریو گومیزتصویر: picture alliance/dpa

یورو کپ 2012ء کے کوالیفائنگ مقابلوں میں گروپ اے میں شامل جرمن ٹیم نے اپنے چاروں مقابلے جیت لئے ہیں اور اس کے پوائنٹس بارہ ہیں۔ جرمن کوچ یوآخم لوو نے میچ کے بعد اطمئنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنا مقصد حاصل کر لیا ہے،’ جو ہم نے حاصل کرنا تھا وہ کر لیا، لیکن اس دوران کچھ غلطیاں بھی ہوئیں۔‘

لوو نے کہا،’ ہمارے بارہ پوائنٹس ہیں اور یہی میں چاہتا تھا اس لئے مجھے مطمئن ہونا چاہئے‘۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جرمن فٹ بال ٹیم نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہ شاندار ہیں،’ میں اپنے کھلاڑیوں سے ہر میچ میں ہی بہت زیادہ عمدہ کھیل کی توقع بھی نہیں کر سکتا‘۔

اس مرتبہ یورو کپ 2012ء پولینڈ اور یوکرائن میں مشترکہ طور پر منعقد کیا جا رہا ہے، جو اٹھارہ جون سے یکم جولائی تک جاری رہے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر سولہ ٹیمیں شریک ہوں گی اور کل 31 میچ کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں