یورپ لیگ: جرمن کلب اشٹٹ گارٹ باہر
15 مارچ 2013یورپی فٹ بال کلبوں کے دوسرے اہم ترین ٹورنامنٹ یورپ لیگ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے تمام میچ گزشتہ رات مکمل ہو گئے ہیں۔ اب کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے میچوں کے ڈراز کا اعلان پندرہ مارچ کو کیا جائے گا۔ کوارٹر فائنل مرحلے کے میچوں کا پہلا مرحلہ چار اپریل کو اور دوسرا مرحلہ گیارہ اپریل کو ہو گا۔ جمعرات کو کھیلے جانے والے میچوں میں جرمن فٹ بال کلب اشٹٹ گارٹ کو اٹلی کے دارالحکومت روم سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کلب لاسیو نے شکست سے دوچار کیا۔
روم کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی۔ اطالوی کلب کی جانب سے چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے فارورڈ کھلاڑی لیبور کوزاک (Libor Kozák) کی ہیٹ ٹرک شامل ہے۔ چوبیس سالہ فارورڈ کھلاڑی اب یورپ لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والا کھلاڑی بن گیا ہے۔ جرمن کلب اشٹٹ گارٹ کے خلاف کوزاک نے میچ کے پہلے دس منٹوں میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کر دیا تھا۔ لیبور کوزاک نے تیسرا گول میچ کے اختتام سے چند منٹ قبل کیا تھا۔
یہ امر اہم ہے کہ اشٹٹ گارٹ میں کھیلے جانے والے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے حصے میں بھی اطالوی کلب لاسیو نے جرمن کلب کو دو گول کے فرق سے ہرایا تھا۔ اشٹٹ گارٹ کی جانب سے کوئی گول نہیں ہو سکا تھا۔ جرمنی کا تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ خوش قسمتی سے یورپ لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے حالانکہ برطانوی کلب آرسنل نے پری کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں بائرن میونخ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر گول اوسط برابر کر دی تھی لیکن آرسنل کے ہوم گراؤنڈ میں زیادہ گول کرنے کی بنیاد پر بائرن میونخ کی ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
یورپ لیگ کے جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں فرانس کے بوردو (Bordeaux) کو بھی پرتگال کے فٹ بال کلب بیفیکا (Benfica) نے دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے فارغ کر دیا۔ برطانیہ کے چیلسی فٹ بال کلب نے رومانیہ کے بخارسٹ کلب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ چیلسی کلب کو کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ ترکی کے فٹ بال کلب فینیر باچے نے بھی کوارٹر فائنل مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ترک فٹ بال کلب نے چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے کلب کو ہرایا تھا۔ اطالوی کلب انٹر میلان میچ جیت کر بھی گول اوسط کی بنیاد پر ٹورنامنٹ سے خارج ہو گیا ہے۔ برطانوی کلب ٹوٹن ہیم ہاٹ سپر اگلے مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔
(ah/ng(AFP, AP