1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ لیگ: شالکے کو شکست، ہینوور کا میچ برابر

9 مارچ 2012

یورپی فٹ بال کلبوں کے اہم ٹورنامنٹ یورپ لیگ کے پری کوارٹر فائنل میچوں کے پہلے راؤنڈ کے مقابلے مکمل ہو گئے ہیں۔ اس مرحلے کا دوسرا راؤنڈ پندرہ مارچ کو کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/14HwX
تصویر: dapd

جرمن کلب شالکے کو ہالینڈ کے فٹ بال کلب ٹوینٹ (Twente) کے ساتھ کھیلے گئے میچ میں شکست کا سامنا رہا۔ اس مقابلے میں شالکےکلب کے جوئل ماٹِپ (Joel Matip) کو ریفری نے سرخ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کردیا تھا۔ جرمن کلب نے ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد ولندیزی کلب ٹوینٹ کے خلاف اپنا میچ دس کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل کیا۔ میچ کے ساٹھویں منٹ میں شالکے کے جوئل ماٹِپ کو سنگین فاؤل کرنے پر سرخ کارڈ دکھایا گیا۔ اس فاؤل پر ڈچ کلب کو پنلٹی دی گئی اور اس پر لُوک ڈے ژونگ (Luuk de Jong) نے گول کر دیا۔ یہی گول شالکے کی شکست کا باعث بنا۔

یہ میچ ہالینڈ کے شہر Enschede میں کھیلا گیا۔ یہی شہر ٹوینٹ کا گھر کہلاتا ہے۔ اب اگلی جمعرات کو ٹوینٹ دوسرے راؤنڈ کا میچ کھیلنے شالکے کے ہوم گراؤنڈ گیلزن کرشن پہنچے گا۔ جرمن کلب کے مینیجر ہورسٹ ہیلڈ (Horst Heldt) نے ریفری کے فیصلے پر کڑی تنقید بھی کی اور کہا کہ ڈچ کلب کا کھلاڑی اپنی غلطی سے گرا تھا اور فاؤل شالکے کے کھلاڑی کا دے دیا گیا جو صحیح نہیں تھا۔ ٹیلی وژن ری پلیز کے مطابق بھی ٹوینٹ کا کھلاڑی اپنی ہی غلطی سے گرا تھا۔

Fußball UEFA Europa League FC Twente Enschede gegen FC Schalke 04 Hinspiel
شالکے کو ریفری کے سخت فیصلے کا سامنا کرنا پڑا اور یہ اس کی شکست کا باعث بناتصویر: picture-alliance/dpa

یورپ لیگ ہی میں ایک اور جرمن فٹ بال کلب ہینوور نے اپنا میچ بیلجیم کے شہر لیئیش (Liege) کے اسٹینڈرڈ کلب کے ساتھ دو دو گول سے برابر کھیلا۔ یہ میچ لیئیش میں کھیلا گیا تھا۔ اب بیلجیم کا یہ کلب پندرہ مارچ کو میچ کھیلنے جرمن شہر ہینوور پہنچے گا۔ ہینوور نے 22 ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی تھی لیکن اسے میزبان ٹیم نے پانچ منٹ بعد برابر کر دیا۔ لیئیش کی ٹیم نے میچ کے 30 ویں منٹ میں سبقت حاصل کر لی اور یہ پہلے ہاف تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف کے گیارہویں منٹ میں ہینوور نے گول کر کے یہ میچ دوبارہ برابر کر دیا۔

پری کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے راؤنڈ میں برطانیہ کے مشہور فٹ بال کلبوں مانچسٹر سٹی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کو شکست کا سامنا رہا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کو ہسپانوی کلب اتھلیٹک نے دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا جبکہ مانچسٹر سٹی کو پرتگال کے اسپورٹنگ کلب نے ایک گول سے شکست دے دی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک