1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین اور ترکی مہاجرین کی ڈیل کا احترام کریں، ینکر

عابد حسین
27 نومبر 2016

یورپی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ انقرہ حکومت اور یورپی یونین کو مہاجرین سے متعلق طے پانے والے معاہدے کا احترام کرنا چاہیے۔ مہاجرین کی یورپ آمد روکنے کے حوالے سے یہ ڈیل رواں برس اٹھارہ مارچ کو برسلز میں طے پائی تھی۔

https://p.dw.com/p/2TJwB
Serbien Belgrad - Flüchtlinge und Einwanderer überqueren die Brücke zur Koratischen Grenze
تصویر: Reuters/M. Djurica

یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود ینکر نے کہا ہے کہ ترکی کے ساتھ مہاجرین کے معاملے پر ڈیل کا احترام ضروری ہے اور مستقبل میں بھی یہ عمل جاری رہنا اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات بیلجیم کے ’ لا لبرے بیلجیک‘ اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ینکر کے مطابق یونین نے ڈیل کو طے کیا تھا اور اس کی پاسداری بھی اہم  ہے۔

اس انٹرویو میں یورپ کے سینیئر سیاستدان نے کہا کہ سن 2003 سے لے کر سن 2014 تک ایردوآن حکومت نے یورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے جمہوری اقدار پر عمل پیرا ہو کر خاصی مثبت پیش رفت  کی تھی۔ ینکر کے مطابق گزشتہ دو برسوں میں ترک حکومت یورپی اصولوں اور اقدار سے پیچھے ہٹنا شروع ہو گئی ہے اور یہی سارے مسئلے کی جڑ ہے۔

ینکر نے اپنے انٹرویو میں اس یقین کا اظہار کیا کہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور اُن کی حکومت اِس وقت اپنی کوتاہیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے یورپ پر قبل از وقت الزام عائد کر رہی ہے کیونکہ اُسے یونین کی رکنیت حاصل کرنے کے معاملے میں مشکلات کا سامنا ہے اور مذاکراتی عمل میں یورپی ضوابط و اقدار کے تناظر میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں۔

Frankreich Straßburg EU Parlament Jean-Claude Juncker
یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود ینکرتصویر: picture-alliance/dpa/P. Seeger

یورپی کمیشن کے صدر نے واضح کیا کہ رکنیت کے حصول کے لیے  مذاکراتی عمل میں جو تعطل پیدا ہوا ہے، وہ بنیادی طور پر ترکی کے انکار کی وجہ سے ہے کیونکہ وہ انسدادِ دہشت گردی کی قانون سازی میں اصلاحات کرنے پر تیار نہیں اور حقیقت یہ ہے کہ یورپی یونین کا رکن بننے کے لیے اس شرط پر عمل پیرا ہونا ایک اہم شرط ہے۔ ینکر نے ترک صدر سے کہا کہ یونین پر الزام رکھنے سے قبل وہ خود سوچیں کہ یورپی سرزمین پر ترک باشندوں  کی آزادانہ نقل و حرکت ممکن نہ ہونے میں اُن کا اپنا کردار کتنا ہے۔

 دوسری جانب دو روز قبل جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ترکی اور یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ رواں برس مارچ میں مہاجرین کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے کا احترام کریں۔ جرمن چانسلر میرکل کی جانب سے جمعے کے روز دیا گیا یہ بیان ترکی اور یورپی یونین کے مابین جاری کشیدگی میں کمی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔