1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں حادثہ، دس مبینہ تارکین وطن ہلاک

14 اکتوبر 2018

یونان میں ایک تیز رفتار کار دوسری سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ یونان کے شمالی حصے میں پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/36VnM
Griechenland Elf Insassen eines Kleinbusses bei Unfall verbrannt
تصویر: Getty Images/AFP/S. Mitrolidis

یونان کے شمالی حصے میں ایک ٹرک اور ایک کار کے درمیان ٹکر سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ڈرائیور کے علاوہ بقیہ دس افراد امکاناً یورپ پہنچنے والے غیر ملکی مہاجرین تھے، جنہیں یونان اسمگل کر کے لایا جا رہا تھا۔ پولیس نے کار میں سے گیارہ نعشوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق جو کار حادثے کا شکار ہوئی ہے، اُس پر کسی دوسری کار کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ اسی کار کو ایک چیک پوائنٹ پر روکا گیا لیکن، اس کا ڈرائیور روکنے کے بجائے اسے تیزی رفتاری سے لے کر آگے بڑھ گیا تھا۔ اسی چیک پوائنٹ سے گزرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی تیز رفتار کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ہوا۔ حادثے کے بعد موٹر کار کو آگ بھی لگ گئی۔ اس آگ کی وجہ سے تمام نعشیں شناخت کے قابل نہیں رہی ہیں۔ کار سے لگنے والی آگ کی لپیٹ میں ٹرک بھی آیا۔

Griechenland Elf Insassen eines Kleinbusses bei Unfall verbrannt
حادثے کا شکار ہونے والی کار جائے حادثہ سے ایک ٹرک پر لاد کر منتقل کی جا رہی ہےتصویر: Getty Images/AFP/S. Mitrolidis

ٹرک کا ڈرائیور ایک 39 سالہ یونانی شہری ہے، جسے معمولی زخم آئے تھے۔ پولیس نے مرہم پٹی کے بعد اس سے پوچھ گچھ مکمل کی اور اُسے جانے کی اجازت دے دی۔ پہلے پولیس نے ٹرک ڈرائیور کے فرار ہونے کا بتایا تھا۔ پولیس نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ کار کو حادثہ انتہائی تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔

کار کو لگی آگ بجھانے والے فائر بریگیڈ کے عملے کے ایک رکن نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی تھا۔ اِس نے یہ بھی بتایا کہ تین یا چار افراد کو گاڑی کی ڈِگی چھپایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی موٹر کار ماضی میں بھی انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کی جاتی رہی ہے۔ کار یونانی شہر سالونیکی کی جانب روانہ تھی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق کن ممالک سے تھا۔

غیر قانونی تارکین وطن کی گاڑی حادثے کا شکار