1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرائن پر تنقید بند کی جائے، ولادیمیر پوٹن

زبیر بشیر27 نومبر 2013

روسی صدر نے یورپی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ یوکرائن پر تنقید بند کردیں۔ اُن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرائن میں یورپی یونین کے ساتھ ایک معاہدے کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے شدید مظاہرے جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/1APBK
تصویر: KHAM/AFP/Getty Images

یورپ نواز یہ مظاہرین ملکی پارلیمان میں یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارت کے ایک معاہدے کو ’رد‘ کیے جانے کے لیے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان مظاہروں کو کییف میں ہونے والے اب تک کے سب سے زیادہ شدید مظاہروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

کییف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس معاہدے کو پارلیمنٹ میں ایک انتہائی متنازعہ طریقے سے رد کروایا گیا۔ شبہ کیا جا رہا تھا کہ ایسا روس کے کہنے پر کیا گیا۔ روسی صدر کے حالیہ بیان نے اس شک کو مزید تقویت دے دی ہے۔ ولادیمیر پوٹن نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ یوکرائن اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ طے پانے کے روسی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

Protest Ukraine EU Integration 25. Nov. 2013
ملکی پارلیمنٹ کے فیصلے کے خلاف یوکرائن میں مظاہرے جاری ہیںتصویر: GENYA SAVILOV/AFP/Getty Images

اس دوران کییف حکومت کی جانب سے بھی یہ بیان سامنے آیا ہے کہ اس معاہدے کو روسی دباؤ کی وجہ سے پارلیمان سے منظور نہیں کروایا گیا۔ تاہم ملکی وزیراعظم وکٹر یانوکووچ نے کہا ہے کہ وہ نئی شرائط کے ساتھ اس معاہدے کی منظوری کے لیے کوشش کریں گے۔

اس معاہدے کو یوکرائن کی یورپی یونین میں شمولیت کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھا جا رہا تھا تاہم روس کی جانب سے سخت ردعمل کے بعد یوکرائن نے اس حوالے سے گزشتہ ہفتے یورپی یونین کے ساتھ اس حوالے سے مذاکرات معطل کر دیے تھے۔

آزاد تجارت کے اس معاہدے پر کام کو سست روی کا شکار کرنے کا یوکرائن کا فیصلہ وسیع تر یورپی اتحاد کے خواہاں لوگوں کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس فیصلے کے فوری بعد ملک میں شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

موجودہ عوامی احتجاج کو سن 2004ء میں یوکرائن کے نارنجی انقلاب کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا جا رہا ہے۔گزشتہ روز یوکرائن میں زیرِ حراست اپوزیشن رہنما یولیا ٹیموشینکو نے ہزاروں مظاہرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر تے ہوئے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا۔