1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، پندرہواں میچ ڈے شروع، لیورکوزن کی جیت

3 دسمبر 2011

بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈے کے آغاز پر کھیلے گئے واحد میچ میں جمعے کو بائرن لیور کوزن نے ہوفن ہائم کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/13LrC
لیور کوزن کے سڈنی سام گول کرنے کے بعدتصویر: dapd

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے پندرہویں میچ ڈے کے پہلے دن لیور کوزن اور ہوفن ہائم کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ اس میچ میں لیورکوزن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دسویں منٹ میں ایک گول کی برتری حاصل کر لی۔ لیورکوزن کی طرف سے یہ گول Eren Derdiyok نے کیا۔ انہوں نے گزشتہ میچ ڈے کے دوران برلن کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس میچ کا دوسرا گول سڈنی سام نے کیا۔

لیور کوزن نے یہ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس کے مجموعی پوائنٹس 25 بنتے ہیں جبکہ ہوفن ہائم کی ٹیم اس میچ میں شکست کے بعد اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔

Fussball 1. Bundesliga Bayer 04 Leverkusen Vs. TSG 1899 Hoffenheim
Eren Derdiyok ہوفن ہائم کے تین کھلاڑیوں میں گھرے ہوئےتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈےکے دوسرے روز یعنی آج ہفتہ کو چھ اور تیسرے روز اتوار کو دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ہفتہ کے دن پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کی دو ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ اگرچہ ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ دونوں کے ہی انتیس انتیس پوائنٹس ہیں تاہم ڈورٹمنڈ اچھی گول اوسط کے باعث پہلے نمبر پر ہے۔ ان دونوں کے مابین ہونے والے میچ کو انتہائی اہم خیال کیا جا رہا ہے۔

ہفتہ کو ایک اور دلچسپ میچ میں میونخ اور ویردر بریمن کی ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر یہ دونوں ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ میونخ کے اٹھائیس جبکہ ویردر بریمن کے چھبیس پوائنٹس ہیں۔

ہفتہ کو کھیلے جا رہے دیگر میچوں میں کائزرز لاؤٹرن اور برلن، وولفسبرگ اور مائنز جبکہ اشٹٹ گارٹ اور کولون کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ پندرہویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری روز کھیلے جانے والے دو میچوں میں ہیمبرگ کا مقابلہ نیورمبرگ سے ہو گا جبکہ شالکے اور آؤگسبرگ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں