1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ چیمپئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کر گیا

عابد حسین20 اپریل 2014

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے اکتیسویں میچ ڈےکی شروعات ہو چکی ہے۔ کل ہفتے کے روز جرمن لیگ میں چھ میچز کھیلے گئے۔ بائرن میونخ، ڈورٹمنڈ، بریمن اور وولفس برگ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1BlCm
تصویر: Getty Images

ہفتے کے روز رواں سیزن کی چیمپیئن ٹیم بائرن کا مقابلہ تنزلی کا سامنا کرنے والی ٹیم آئنٹراخٹ براؤن شوائیگ کے ساتھ تھا اور بائرن نے یہ میچ دو گول سے جیت لیا۔ بائرن گزشتہ تین میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھی اور اس طرح یہ جیت ان کے لیے خاصی اہم ہے کیونکہ اب تین دن بعد یعنی بدھ کے روز اُسے ہسپانوی شہر میڈرڈ میں چیمپیئنز لیگ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے۔ براؤن شوائیگ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بائرن میونخ کو پہلا گول کرنے کے لیے خاصی جدوجہد کرنا پڑی تھی۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ دوسرے ہاف کے 30 ویں منٹ میں بائرن نے پہلا اور میچ کے ختم ہونے سے چار منٹ قبل دوسرا گول کیا۔

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم ڈورٹمنڈ نے مائنز کلب کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ اس جیت کے بعد ڈورٹمنڈ نے یورپی فٹ بال کلبوں کے اہم ترین ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ڈورٹمنڈ اگلے مہینے ختم ہونے والے چیمپیئنز لیگ کے سیزن میں کوارٹر فائنل کے مرحلے تک پہنچ پائی تھی۔ کوارٹر فائنل میں اُسے ریال میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا۔ اب ریال میڈرڈ اور جرمن کلب بائرن سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں۔

1. Bundesliga 31. Spieltag Hamburger SV - VfL Wolfsburg
ہیمبرگ کلب کو تنزلی کا سامنا ہےتصویر: Getty Images

بنڈس لیگا کی تاریخ میں ہیمبرگ کو کبھی بھی تنزلی کا سامنا نہیں رہا اور کل ہفتے کے روز وولفس برگ سے ہارنے کے بعد اُس کی تنزلی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ہیمبرگ کلب ابھی بھی سولہویں پوزیشن پر ہے اور اس طرح سیزن کے اختتام پر بنڈس لیگا درجہ دوم کی ٹیم کے ساتھ اُسے مقابلہ کرنا ہو گا اور جیتنے کی صورت ہی میں وہ قومی لیگ کھیل سکے گی وگرنہ ہار کی صورت میں وہ نچلے لیول میں دھکیل دی جائے گی۔ ہیمبرگ سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے نیورمبرگ کی ٹیم ہے۔ ایک مزید ہار ہبمبرگ کے لیے مشکلات کا باعث ہو گی۔ اس وقت نیورمبرگ اور آئنٹراخٹ براؤن شوائیگ کی تنزلی یقینی ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں آؤگس برگ نے ہیرتھا برلن کے ساتھ میچ ایک ایک گول کے ساتھ برابری پر ختم کیا۔ لیگ ٹیبل پر آؤگس برگ کی آٹھویں اور ہیرتھا کی دسویں پوزیشن ہے۔ بریمن نے ہوفن ہائیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ اس طرح اب ہوفن ہائیم کی پوزیشن نویں اور بریمن کی گیارہویں ہے۔ وولفس برگ نے ہیمبرگ کو ایک گول کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ اس جیت کے بعد وولفس برگ نے بنڈس لیگا میں چوتھی پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید