بنڈس لیگا : ہینوور نے شٹٹ گارٹ کو شکست دے دی
11 دسمبر 2010جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں ہینوور نے شٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی۔ ہیننور کی طرف سے دونوں گول Didier Ya Konan نے کئے۔
بنڈس لیگا کے 16ویں میچ ڈے، جمعہ کے روز کھیلے جانے والے واحد میچ کے 35 ویں منٹ میں آئیوری کوسٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی Didier Ya Konan نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ کھیل کے 74 ویں منٹ میں شٹٹ گارٹ کی طرف سے گیورگ نیدرمائیر نے گول کر کے یہ برتری ختم کر دی تاہم صرف دو منٹ بعد Didier Ya Konan نے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو لیگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچا دیا۔ Didier Ya Konan کا اس سیزن کا یہ نواں گول تھا۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہینوور کی ٹیم اب 31 پوائنٹس کے ساتھ مائنز سے آگے نکل گئی ہے۔ مائنز کی ٹیم 30 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت تیسری پوزیشن پر ہے تاہم اس میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز مائنز کی ٹیم شالکے کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ لیگ میں چوتھی پوزیشن پر براجمان لیورکوزن کی ٹیم، جس کے اب تک 29 پوائنٹس ہیں، اسے آج ہیمبرگ کا مقابلہ کرنا ہے۔ مائز یا لیورکوزن میں سے اگر کسی بھی ٹیم نے کامیابی حاصل کی، تو وہ لیگ مین دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔
لیگ میں پہلی پوزیشن ڈورٹمنڈ کی ٹیم کے پاس ہے تاہم فی الحال اس کی اس پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم 40 پوائنٹس کے ساتھ لیگ کے رواں سیزن میں سب سے آگے ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں وولفس برگ کی ٹیم کائزرز لاؤٹرن کا مقابلہ کر رہی ہے جبکہ کولون اور فرینکفرٹ کی ٹیمیں آمنے سامنے آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم سینٹ پاؤلی کے مدمقابل آ رہی ہے جبکہ ہوفن ہائم کا مقابلہ نیورمبرگ کی ٹیم کے ساتھ ہو رہا ہے۔
بنڈس لیگا کے اس میچ ڈے کے سلسلے میں اتوار کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ مائنز کا میچ شالکے کے ساتھ ہو گا جبکہ فرائی برگ اور میونشن گلاڈباخ مدمقابل آئیں گے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : شادی خان سیف