سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ایشیا کرکٹ کپ کے فائنل میں
5 مارچ 2014ایک روزہ میچوں میں 326کا اسکور بنگلہ دیش کی جانب سے کسی بھی میچ میں بنایا گیا سب سے زیادہ اسکور تھا۔ اِس طرح 327 کا ٹارگٹ کے حصول میں پاکستان کے جب پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تو ایسا دکھائی دیتا تھا کہ میچ پاکستانی ٹیم تقریباً ہار چکی ہے تب چھٹی وکٹ کی شراکت میں بنائے گئے دھواں دار 69رنز کے باعث پاکستانی ٹیم میچ جیتنے کے قابل ہو سکی۔ پاکستانی ٹیم کو تقریباً آٹھ اوورز میں 102 رنز درکار تھے اور رن ریٹ 12 رنز فی اوور سے بھی زائد ہوگیا تھا۔ ایسے میں شاہد آفریدی کی بیٹنگ نے میزبان بنگلہ دیشی بالروں کا بھُرکس نکال دیا۔
پانچویں وکٹ کی شراکت میں 69 رنز بنے۔ اس میں شاہد آفریدی کا اسکور 59 رنز تھا۔ یہ رنز انہوں نے صرف 25 گیندوں پر بنائے۔ اسی میں وہ 18گیندوں پر نصف سینچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ یہ ایک روزہ میچوں میں تیسری تیز ترین نصف سنچری تھی۔ 59 اسکور میں آفریدی نے سات چھکے اور دو چوکے لگائے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو اگلی 19 گیندوں پر پاکستان کو 33 اسکور چاہیے تھا۔ بعد میں فواد عالم نے پاکستان ٹیم کو ٹارگٹ کے پاس پہنچا دیا۔ انہوں نے 70گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فواد عالم جب رن آؤٹ ہوئے پاکستان کو دو رنز چاہیے تھا اور دو گیندیں باقی تھی۔ آخری اوور کی پانچویں گیند پر عمر اکمل نے فتح کا چوکا لگایا۔
آفریدی جب کریز پر پہنچے تو انہوں نے پہلے بال کو ہی چھکے میں تبدیل کر دیا۔ ایک گیند کو چھوڑ کر تیسری گیند کو پھر چھکے میں تبدیل کر دیا۔ بوم بوم آفریدی نے اپنی اننگز کی پہلی نو گیندوں میں پانچ چھکے لگائے۔ اُن کی اِس دھواں دار بیٹنگ کے حوالے سے میچ کے ختم ہونے کے بعد میزبان ٹیم کے کپتان مشفق الرحیم کا کہنا تھا کہ جب آفریدی ایسی بیٹنگ کرے گا تو باولروں کے پاس کوئی گنجائش نہیں بچتی۔ میچ کے بعد شاہد آفریدی کو اس میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ آفریدی نے میچ جیتنے کے بعد کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ بہتر پرفارم کیا جائے اور وہ اِس میں کامیاب رہے۔
میچ جیتنے میں جو کردار شاہد آفریدی اور فواد عالم کا تھا، اُس باعث پاکستانی اوپنر احمد شہزاد کی سینچری گہنا گئی۔ وہ ایک روزہ میچوں میں کل پیر کے روز پانچویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ 103 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ایک مرتبہ پھر اننگز کو سہارا دینے والی پرفارمنس دینے میں ناکام رہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ اس میں انعام الحق کی سنچری بھی شامل ہے۔ امرالقیس، مومن الحق اور مشفق الرحیم نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔
اِس میچ میں 327 کے ٹارگٹ کا حصول بھی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک ریکارڈ تھا کیونکہ اِس سے قبل پاکستانی ٹیم نے سب سے بڑا ٹارگٹ سن 2007 میں بھارتی کے خلاف بھارت ہی میں موہالی کے میدان میں حاصل کیا تھا۔ تب پاکستانی ٹیم کو 322 کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔